فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی آبادکاری میں اضافہ، 19 نئی بستیوں کی منظوری

فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی آبادکاری میں اضافہ، 19 نئی بستیوں کی منظوری
اسرائیل کی سیکیورٹی کابینہ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں مزید 19 نئی یہودی بستیوں کے قیام کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد حالیہ برسوں میں اس علاقے میں آبادکاری کے عمل میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ تین برسوں کے دوران مغربی کنارے میں جن یہودی بستیوں کو باضابطہ حیثیت دی گئی ہے، ان کی مجموعی تعداد اب 69 تک پہنچ چکی ہے، جو فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی موجودگی کے پھیلاؤ کی عکاسی کرتی ہے۔
اسرائیل کے وزیر خزانہ بیزلیل اسموٹریچ نے بتایا کہ یہ منصوبہ وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کے ساتھ مل کر تیار کیا گیا ہے، اس اقدام کا مقصد فلسطینی ریاست کے قیام کے امکانات کو ختم کرنا ہے۔
اکتوبر 2023 میں غزہ میں شروع ہونے والی جنگ کے بعد سے مغربی کنارے میں بھی بدامنی اور تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، جس سے یہ خدشات مزید گہرے ہو گئے ہیں کہ نئی آبادکاریاں اسرائیلی کنٹرول کو مضبوط کریں گی اور مسئلہ فلسطین کے حل کو مزید پیچیدہ بنا دیں گی۔
اقوام متحدہ اور عالمی سطح پر متعدد ممالک پہلے ہی مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاری کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دے چکے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کی جاری آبادکاری پالیسی خطے میں کشیدگی کو بڑھا رہی ہے، فلسطینی عوام کو ان کی زمینوں سے محروم کر رہی ہے اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے امکانات کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












