غزہ کے اسپتالوں میں ادویات کی شدید کمی، مریضوں کی زندگیاں داؤ پر لگ گئیں

غزہ کے اسپتالوں میں ادویات کی شدید کمی، مریضوں کی زندگیاں داؤ پر لگ گئیں
غزہ میں صحت کا نظام شدید دباؤ کا شکار ہو گیا ہے، جہاں زندگی بچانے والی ادویات کی سنگین قلت کے باعث ہزاروں مریضوں کی جانوں کو خطرات لاحق ہیں۔ اسپتالوں میں زیرِ علاج مریضوں کو بروقت علاج کی فراہمی مشکل ہوتی جا رہی ہے۔
غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق ضروری دواؤں کی عدم دستیابی نے طبی عملے کو سخت مشکلات میں ڈال دیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ لیبارٹری ٹیسٹس اور بلڈ بینک سے متعلق آلات کی کمی خطرناک سطح تک پہنچ چکی ہے، جس کی شرح تقریباً 59 فیصد بتائی جا رہی ہے۔
اسپتالوں میں فرائض انجام دینے والے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ علاج کے لیے درکار بنیادی ادویات ختم ہو چکی ہیں، جس کے باعث مریضوں کی جان بچانا ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق کئی مریض ایسے ہیں جن کی صحت صرف ادویات کی عدم دستیابی کے باعث بگڑ رہی ہے۔
محکمہ صحت نے واضح کیا ہے کہ جنگ بندی کے باوجود انسانی امداد اور طبی سامان کی ترسیل ضرورت کے مطابق نہیں ہو پا رہی۔
حکام نے فوری طور پر ادویات، لیبارٹری سہولیات اور بلڈ بینک کے سامان کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حملوں کے دوران غزہ میں 34 اسپتالوں سمیت 125 طبی مراکز مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں، جس سے صحت کا نظام تقریباً مفلوج ہو گیا ہے۔
دوسری جانب جنگ بندی معاہدے کے تحت حالیہ پیش رفت میں اسرائیلی حراست سے رہا ہونے والے 6 فلسطینی قیدی دیر البلح کے ایک اسپتال منتقل کیے گئے، جبکہ اطلاعات کے مطابق اب بھی 10 ہزار سے زائد فلسطینی اسرائیلی جیلوں میں قید ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












