منگل، 17-فروری،2026
منگل 1447/08/29هـ (17-02-2026م)

حماس کو 60 دن میں غیر مسلح ہونے کی مہلت، ورنہ بڑی کارروائی کریں گے : اسرائیل

17 فروری, 2026 12:42

اسرائیلی اخبار دی ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو کے ایک سینئر مشیر نے اعلان کیا ہے کہ حماس کو غیر مسلح ہونے کیلئے ساٹھ دن کی مہلت دی جائے گی، بصورت دیگر اسرائیلی فوج غزہ میں خود اپنا مشن مکمل کرے گی۔

کابینہ سیکریٹری یوسی فوکس نے یروشلم میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی درخواست پر حماس کو ساٹھ روز کا وقت دینے پر آمادگی ظاہر کی گئی ہے اور اسرائیل اس مدت کا احترام کرے گا۔ اگر اس دوران حماس نے اپنے تمام ہتھیار حوالے نہ کیے تو اسرائیلی فوج دوبارہ بھرپور کارروائی کرے گی۔

یوسی فوکس نے واضح کیا کہ انہیں حتمی طور پر معلوم نہیں کہ یہ ساٹھ روزہ مدت کب سے شروع ہوگی، تاہم امکان ہے کہ یہ مدت جمعرات کو منعقد ہونے والی امن بورڈ کانفرنس کے ساتھ شروع ہو۔ اس دوران حماس کو اپنے تمام ہتھیار، بشمول خودکار رائفلیں، مکمل طور پر ترک کرنا ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ حماس کے زیرِ استعمال خودکار رائفلیں مکمل طور پر ضبط کی جائیں گی اور کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ اس عمل کا جائزہ لیا جائے گا، اگر نتائج تسلی بخش ہوئے تو بہتر، ورنہ اسرائیلی فوج کو مشن مکمل کرنا ہوگا۔

یوسی فوکس نے یہ بھی کہا کہ آئندہ عام انتخابات سے قبل صورتِ حال واضح ہو جائے گی۔ یا تو حماس ہتھیار ڈال چکی ہوگی یا پھر اسرائیلی فوج غزہ میں ایک نئی اور شدید عسکری مہم شروع کرچکی ہوگی۔

انہوں نے اس بات کی نشاندہی بھی کی کہ غزہ میں موجود متعدد سرنگوں کو تباہ کرنا بھی اس عمل کا حصہ ہے۔ ان کے بقول سرحدی علاقے بیئری میں آج کھیتوں میں کام کرنے والا شخص سمندر تک دیکھ سکتا ہے کیونکہ غزہ میں بمباری کے باعث عمارتیں بڑی حد تک تباہ ہو چکی ہیں، تاہم کارروائی ابھی مکمل نہیں ہوئی۔

دوسری جانب ایک امریکی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ابتدائی مرحلے میں حماس کو بعض ہلکے ہتھیار رکھنے کی اجازت دی جا سکتی ہے، تاہم ایسے تمام ہتھیار جو اسرائیل کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہوں، انہیں حوالے کرنا ہوگا۔ یہ مسودہ منصوبہ امن بورڈ کے تحت تیار کیا گیا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔