روس، یورپی یونین کی سرحد پر جوہری ہتھیار منتقل کر رہا ہے : بیلاروس کی اپوزیشن رہنما

بیلاروس کی جلاوطن اپوزیشن رہنما سویتلانا تیخانوسکایا نے خبردار کیا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن یورپی یونین کی سرحد کے قریب جوہری ہتھیار منتقل کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
تیخانوسکایا کے مطابق الیگزینڈر لوکاشینکو کی حکومت بیلاروس میں روسی فوجی موجودگی کو مزید مضبوط کر رہی ہے اور یوکرین جنگ میں کشیدگی کے نئے مرحلے کی تیاری ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بیلاروس کی سرزمین پر روسی افواج کی سرگرمیوں میں اضافہ واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے اور جوہری ہتھیاروں سمیت مزید میزائلوں کی تعیناتی متوقع ہے۔
سویتلانا تیخانوسکایا نے کہا کہ یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی کو بیلاروس میں بڑھتی ہوئی سرگرمیوں سے آگاہ کیا جا چکا ہے۔ یہ کشیدگی صرف یوکرین ہی نہیں بلکہ دیگر یورپی ممالک کو بھی متاثر کر سکتی ہے، اس لئے بیلاروس کی صورتحال پر عالمی توجہ ضروری ہے۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ تقریباً تین سو بیلاروسی صنعتی ادارے روس کی جنگی پیداوار میں معاونت کر رہے ہیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ بیلاروس عملی طور پر جنگی کوششوں کا حصہ بن چکا ہے۔
تیخانوسکایا نے خبردار کیا کہ اگر جمہوری دنیا یوکرین کی بھرپور مدد نہ کر سکی تو اس کے اثرات بیلاروس سمیت دیگر خطوں تک پھیل سکتے ہیں۔ اگر روس کو روکا نہ گیا تو سرحدوں کا تصور کمزور ہو جائے گا اور مالدووا، آرمینیا اور جارجیا جیسے ممالک بھی دباؤ میں آ سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یوکرین کی کامیابی بیلاروس کے مستقبل سے جڑی ہوئی ہے۔ اگر یوکرین اس جنگ میں کامیاب نہ ہوا تو بیلاروس میں تبدیلی کی امیدیں طویل عرصے کیلئے معدوم ہو سکتی ہیں اور موجودہ نظام مضبوط ہو جائے گا۔
سویتلانا تیخانوسکایا خود کو دو ہزار بیس کے صدارتی انتخاب میں کامیاب قرار دیتی ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ الیگزینڈر لوکاشینکو نے انتخابی نتائج میں دھاندلی کی۔ انتخاب کے بعد وہ اپنے بچوں سمیت ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئیں۔ ان کے شوہر کو گرفتار کیا گیا تھا تاہم گزشتہ سال قیدیوں کے تبادلے کے ایک معاہدے کے تحت انہیں رہائی ملی۔ یہ خاندان اس وقت لیتھوانیا اور پولینڈ کے درمیان قیام پذیر ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









