تیل تنصیبات پر حملے جاری رہے تو جواب اسی نوعیت کا ہوگا، پاسداران انقلاب

ایران کے پاسداران انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کی تیل تنصیبات اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رہا تو تہران بھی اسی نوعیت کی سخت جوابی کارروائی کرے گا۔
پاسداران انقلاب کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے شہری علاقوں اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جو ایک خطرناک پیش رفت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران اب تک اس نوعیت کے اقدامات سے گریز کرتا رہا ہے، لیکن اگر حملے جاری رہے تو ایران بھی اسی انداز میں جواب دینے پر مجبور ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران میں تیل تنصیبات پر حملے کے باعث زہریلی بارش کا خطرہ
ترجمان کے مطابق ایران نے اب تک خطے میں توانائی کے نظام کو براہ راست نشانہ بنانے سے اجتناب کیا ہے کیونکہ اس کے اثرات عالمی معیشت پر پڑ سکتے ہیں، تاہم موجودہ حالات میں صبر کی بھی ایک حد ہے۔
انہوں نے خلیجی ممالک سے اپیل کی کہ وہ امریکا اور اسرائیل پر دباؤ ڈالیں تاکہ توانائی کی تنصیبات پر حملوں کا سلسلہ بند کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ حملے نہ رکے تو پورے خطے میں اسی نوعیت کی کارروائیاں شروع ہو سکتی ہیں۔
پاسداران انقلاب کے ترجمان نے عالمی تیل کی قیمتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر کشیدگی مزید بڑھی تو تیل کی قیمت دو سو ڈالر فی بیرل سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر دنیا ایسی صورتحال برداشت کر سکتی ہے تو پھر یہ کھیل جاری رہ سکتا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










