پاکستان ٹیکس نہ دینے والے شعبے سے آمدنی حاصل کرے، آئی ایم ایف کا مطالبہ

پاکستان ٹیکس نہ دینے والے شعبے سے آمدنی حاصل کرے، آئی ایم ایف کا مطالبہ
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے ساتھ قرض کے لیے ہونے والے حالیہ مذاکرات کو مثبت قرار دے دیا۔
آئی ایم ایف نے پاکستان پر زور بھی دیا ہے کہ وہ غیر استعمال شدہ محصولات کے ذرائع کو ہدف بنا کر اپنی ٹیکس بیس کو وسیع کرے۔
آئی ایم ایف کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب نیتھن پورٹر کی سربراہی میں اس کے مشن نے 12 سے 15 نومبر تک پاکستان کا دورہ مکمل کیا جس دوران انہوں نے ملکی معاشی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
آئی ایم ایف مشن نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے سینئر حکام کے ساتھ ساتھ نجی شعبے کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی۔
آئی ایم ایف اعلامیہ میں مذاکرات کو مثبت قراردیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات میں معاشی اصلاحات، معاشی پالیسیز اور معاشی ترقی کے لیے حکومتی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
مشن چیف نیتھن پورٹر نے کہاکہ مذاکرات مجوعی طور پر مثبت رہے، حکومت ٹیکس نہ دینے والے شعبہ سے ٹیکس آمدن بڑھانے کیلئے پر عزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ سماجی تحفظ اور ترقی میں صوبوں کے کردار کو بڑھانے جب کہ پاکستان میں توانائی کی اصلاحات اور چیلنجز پر خصوصی بات چیت کی گئی۔
عہدیدار نے مزید کہا کہ دورہ کرنے والے وفد اور پاکستانی حکام نے دانشمندانہ مالی اور مالیاتی پالیسیوں کو جاری رکھنے اور غیر استعمال شدہ ٹیکس اڈوں سے محصولات جمع کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ اس شعبے کی افادیت کو بحال کرنے کے لئے ساختی توانائی اصلاحات اور تعمیری کوششیں اہم ہیں۔
آئی ایم ایف مشن چیف نے مزید کہا کہ پاکستان کو معیشت میں ریاستی مداخلت کو کم کرنے اور مسابقت کو بڑھانے کے لئے اقدامات کرنے چاہئیں، جس سے متحرک نجی شعبے کی ترقی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
نیتھن پورٹر کا کہنا تھا کہ مضبوط پروگرام کے نفاذ سے ایک زیادہ خوشحال اور زیادہ جامع پاکستان تشکیل دیا جا سکتا ہے جس سے تمام پاکستانیوں کا معیار زندگی بہتر ہو سکتا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان حکام سے مذاکرات پر آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کو آگاہ کیا جائے گا، آئی ایم ایف کا وفد آئندہ سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں پھرپاکستان آئے گا۔
Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












