سندھ حکومت کا ریٹائرمنٹ کے روز پنشن دینے کا فیصلہ

کراچی: سندھ حکومت نے سرکاری ملازمین کی پنشن کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے یکم جنوری 2027 سے ریٹائر ہونے والے ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے روز ہی پنشن اور بنیادی مالی واجبات کی ادائیگی یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت پنشن اور میڈیکل ری ایمبرسمنٹ سے متعلق اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ، سیکریٹری خزانہ، سروسز، صحت، جنرل ایڈمنسٹریشن اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
پنشن کی بروقت ادائیگی کا مربوط نظام تشکیل دینے کی ہدایت
چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے ہدایت کی کہ سرکاری ملازمین کو ملازمت کے آخری روز پنشن سمیت ان کے بنیادی مالی واجبات کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے تمام صوبائی محکموں کو زیر التوا پنشن بلز تین ماہ کے اندر کلیئر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کے حصول کے لیے سرکاری دفاتر کے چکر نہیں لگانے چاہئیں۔
آصف حیدر شاہ نے پنشن کی بروقت ادائیگی کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان مربوط نظام تشکیل دینے پر بھی زور دیا۔
پنشن نظام میں اصلاحات کے لیے ٹاسک فورس قائم
اجلاس میں پنشن کی ادائیگی کے طریقہ کار کو مؤثر بنانے کے لیے سیکریٹری سروسز کی سربراہی میں محکماتی ٹاسک فورس قائم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
ٹاسک فورس میں اے جی سندھ، محکمہ خزانہ، صحت، جنرل ایڈمنسٹریشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندے شامل ہوں گے۔
چیف سیکریٹری نے کہا کہ پنشن کی بروقت ادائیگی میں رکاوٹ بننے والے قواعد کا جائزہ لیا جائے اور ضرورت پڑنے پر متعلقہ قوانین میں ترامیم کی تجاویز بھی پیش کی جائیں۔
انہوں نے پنشن ادائیگی کا حتمی عملی فریم ورک ایک ہفتے کے اندر پیش کرنے کی ہدایت کی۔
میڈیکل ری ایمبرسمنٹ کلیمز میں تاخیر کا بھی جائزہ
اجلاس میں سرکاری ملازمین کے میڈیکل ری ایمبرسمنٹ کلیمز کی ادائیگی میں تاخیر کے معاملے کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ کلیمز کی تاخیر کی بڑی وجوہات میں نامکمل دستاویزات، ای ویری فکیشن اور این اے سی کے اجرا میں تاخیر شامل ہیں۔
چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ میڈیکل ری ایمبرسمنٹ کلیمز میں تاخیر پالیسی یا فنڈز کی کمی کے بجائے زیادہ تر انتظامی رکاوٹوں کا مسئلہ ہے۔
انہوں نے غیر ضروری کاغذی کارروائی ختم کرنے اور میڈیکل ری ایمبرسمنٹ کے عمل کو آسان اور تیز بنانے کی ہدایت کی۔
آصف حیدر شاہ نے سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن کو میڈیکل ری ایمبرسمنٹ کے موجودہ طریقہ کار کا جامع جائزہ لے کر اسے مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی۔
Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












