جمعرات، 15-جنوری،2026
جمعرات 1447/07/26هـ (15-01-2026م)

معرکۂ حق کے بعد دفاعی جہازوں کے بڑے آرڈرز مل رہے ہیں، چھ ماہ میں آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہنے کی پوزیشن میں ہوں گے: وزیر دفاع

07 جنوری, 2026 08:57

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف معرکۂ حق میں پاکستانی دفاعی صلاحیت پوری طرح آزمائی جا چکی ہے اور اس کے بعد پاکستان کو دفاعی جہازوں کے اتنے بڑے آرڈرز مل رہے ہیں کہ آئندہ چھ ماہ میں عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف سے نجات ممکن ہو سکتی ہے۔

ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ کسی بھی ممکنہ جارحیت کا جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور اگر دوبارہ جنگ مسلط کی گئی تو ویسا ہی مؤثر جواب دیا جائے گا جیسا ماضی میں دیا گیا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاک بھارت جنگ میں پاکستان کا ردعمل پوری دنیا نے دیکھا، جس کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو شدید سفارتی اور سیاسی نقصان اٹھانا پڑا۔
ان کے مطابق مئی 2025 کی جنگ کے بعد بھارت کا اعتماد بری طرح متاثر ہوا ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بھارت نے جنگ کے دوران امریکا اور چین دونوں سے رابطے کیے، تاہم پاکستان نے کسی دباؤ کے بغیر اپنے دفاع کا حق استعمال کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیت کو آج دنیا تسلیم کر رہی ہے۔

خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ دفاعی صنعت میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کے باعث پاکستان کی معیشت کو مضبوط سہارا مل رہا ہے اور یہ بعید نہیں کہ مستقبل قریب میں آئی ایم ایف کی ضرورت ہی باقی نہ رہے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر دفاع نے کہا کہ اگر امریکا واقعی انسانیت کا حامی ہے تو اسے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ دعا ہے کہ ترکیہ نیتن یاہو کو گرفتار کرے تاکہ مظلوموں کا حساب برابر ہو۔

افغانستان سے متعلق بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ افغان طالبان اور کالعدم ٹی ٹی پی قابلِ اعتماد نہیں اور ان کے بھارت سے روابط موجود ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے بعض عناصر ٹی ٹی پی کو مالی مدد فراہم کرتے ہیں۔

عالمی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ یوکرین، وینزویلا اور دیگر تنازعات نے عالمی نظام کو کمزور کر دیا ہے۔
ان کے مطابق اگر چین کو تائیوان سے روکا جاتا ہے تو پھر یوکرین جنگ کو کیسے غیر قانونی کہا جا سکتا ہے۔

ایران کے حوالے سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے خبردار کیا کہ اگر امریکا ایران پر حملہ کرتا ہے تو اس کے اثرات پاکستان کے لیے بھی چیلنج بن سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل برسوں سے ایران کے خلاف جھوٹے الزامات لگا کر حملے کا جواز بناتا رہا ہے، چاہے وہ 2012 کے دعوے ہوں یا 2018 میں اقوام متحدہ میں پیش کیے گئے الزامات۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔