منگل، 26-مئی،2026
منگل 1447/12/09هـ (26-05-2026م)

شمالی بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دراندازی کی کوشش ناکام، 67 افغان طالبان ہلاک

03 مارچ, 2026 13:11

عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پاک افواج نے شمالی بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں افغان طالبان کی جانب سے کیے جانے والے متعدد زمینی حملوں اور فائرنگ کے واقعات کو مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا ہے۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے آپریشن غضب للحق کی تازہ ترین پیش رفت کے حوالے سے بتایا کہ افغان طالبان کی جانب سے پاکستانی حدود میں دراندازی کی بڑی کوششیں کی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ افغان طالبان نے شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں بشمول قلعہ سیف اللہ، نوشکی اور چمن کے اضلاع میں سولہ مقامات پر براہِ راست زمینی حملے کیئے، جبکہ پچیس مختلف مقامات پر پاک افواج کی چوکیوں کے خلاف فائر ریڈ یعنی فائرنگ کی کارروائیاں کی گئیں۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ تمام مقامات پر ان حملوں کو انتہائی مؤثر طریقے سے پسپا کر دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں افغان طالبان کے ستائیس کارندے ہلاک ہوئے جبکہ ان کے متعدد ساتھی شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی فضائی کارروائی میں افغان صوبے ننگرہار کا خوگیانی بیس مکمل تباہ 

عطاء اللہ تارڑ نے مادرِ وطن کا دفاع کرنے والے جوانوں کی بہادری کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان جھڑپوں کے دوران فرنٹئیر کور (ایف سی) بلوچستان نارتھ کا ایک جوان جامِ شہادت نوش کر گیا ہے، جبکہ پانچ جوان زخمی ہوئے ہیں۔

بلوچستان کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا میں بھی کشیدگی کی صورتحال برقرار رہی، جہاں ایک مقام پر زمینی حملے کی کوشش کی گئی اور بارہ مختلف مقامات پر فائر ریڈ کیا گیا۔ وزیرِ اطلاعات کے مطابق خیبر پختونخوا میں پاک افواج نے بغیر کسی جانی نقصان کے ان تمام حملوں کو ناکام بنا دیا ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ خیبر پختونخوا میں رات بھر جاری رہنے والی ان فوجی کارروائیوں کے دوران افغان طالبان کو بڑا جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے اور وہاں ان کے چالیس کارندے ہلاک کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شرپسندوں کے خلاف فالو اپ آپریشنز تاحال جاری ہیں تاکہ سرحد پار سے ہونے والی کسی بھی قسم کی دہشت گردی کا مکمل قلع قمع کیا جا سکے۔

حکومتِ پاکستان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ ملکی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور دشمن کی ہر مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جاتا رہے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔