حکومت نے ملک کو مزید کتنا مقروض کر دیا؟ تفصیلات سامنے آگئیں

The State Bank has announced the monetary policy
اسٹیٹ بینک کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے بیرونی قرضوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ مقامی قرضوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ مجموعی طور پر ملک پر قرضوں کا دباؤ 80 ہزار 681 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے، جو ملکی معیشت پر بڑھتے ہوئے قرضوں کے اثرات کی عکاسی کرتا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق ملکی مقامی قرضے ایک سال میں 12.7 فیصد اضافے سے 48 ہزار 584 ارب روپے سے بڑھ کر 54 ہزار 619 ارب روپے ہو گئے ہیں۔ ایک ماہ کے دوران مقامی قرضوں میں 1.2 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 53 ہزار 966 ارب روپے سے بڑھ کر نومبر 25 تک 54 ہزار 619 ارب روپے کی سطح پر پہنچ گئے۔
بیرونی قرضوں کی صورتحال کے بارے میں رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے بیرونی قرضے سالانہ بنیاد پر 5.3 فیصد اضافے سے 21 ہزار 780 ارب روپے سے بڑھ کر نومبر 25 میں 22 ہزار 925 ارب روپے ہو گئے۔ تاہم ماہانہ بنیاد پر بیرونی قرضوں میں 0.3 فیصد کمی دیکھی گئی اور یہ 23 ہزار ارب روپے سے کم ہو کر 22 ہزار 925 ارب روپے رہ گئے۔
پاکستان کا مجموعی قرض ایک سال میں 10.2 فیصد اضافے کے بعد 70 ہزار 365 ارب روپے سے بڑھ کر 77 ہزار 543 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ ایک ماہ کے دوران مجموعی قرضوں میں 0.7 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 76 ہزار 970 ارب روپے سے بڑھ کر 77 ہزار 543 ارب روپے ہو گیا۔
حکومتی قرضوں پر سود کی ادائیگیوں کا حجم ایک ہزار 474 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ اس کے علاوہ سرکاری ضمانتوں کی رقم ایک ہزار 664 ارب روپے ہو گئی ہے۔ اس طرح پاکستان کے قرضے، سود کی ادائیگیاں اور سرکاری ضمانتوں کا مجموعی حجم 80 ہزار 681 ارب روپے ہو گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق بڑھتے ہوئے قرضوں کا یہ حجم ملکی معیشت پر شدید دباؤ ڈال رہا ہے اور حکومت کے لیے مالی استحکام برقرار رکھنا ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









