جمعرات، 15-جنوری،2026
بدھ 1447/07/25هـ (14-01-2026م)

عمان میں ملازمت کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

07 جنوری, 2026 12:13

سلطنتِ عمان نے ملک میں ایک نیا عالمی مالیاتی مرکز قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

عالمی مالیاتی مرکز قائم کرنے کا مقصد سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع بڑھانا ہے۔ یہ فیصلہ سلطان ہیثم بن طارق کی صدارت میں ہونے والے وزارتی کونسل کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے اور معاشی تنوع کو تیز کرنے کے اقدامات بھی زیر بحث آئے۔

نیا عمان گلوبل فنانشل سینٹر قانون سازی، انتظامی اور ریگولیٹری خودمختاری کے تحت کام کرے گا۔ اس میں جدید مالیاتی، قانونی اور عدالتی فریم ورک متعارف کروایا جائے گا جو عالمی معیارات سے ہم آہنگ ہوگا۔ اس مرکز کے قیام کا مقصد غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنا، جدید مالیاتی خدمات کو فروغ دینا اور عمان کے عالمی و علاقائی مالیاتی کردار کو مضبوط کرنا ہے۔

رپورٹس کے مطابق مرکز کو عالمی بینکوں، سرمایہ کاری کمپنیوں اور خصوصی مالیاتی اداروں کے لیے ایک مسابقتی پلیٹ فارم کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس سے نہ صرف بین الاقوامی سطح پر عمان کی موجودگی مضبوط ہوگی بلکہ علاقائی منڈیوں تک رسائی بھی آسان ہو جائے گی۔

سلطان ہیثم نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ریاستی اداروں کے درمیان ہم آہنگی کے ذریعے روزگار کے مزید مواقع پیدا کیے جائیں گے اور مجموعی قومی پیداوار میں اضافہ ممکن ہوگا۔ انہوں نے سرکاری شعبے کی ڈیجیٹل تبدیلی پر بھی زور دیا اور ہدایت کی کہ متحدہ سرکاری خدمات پورٹل کے ذریعے مصنوعی ذہانت پر مبنی خدمات عوام کے لیے متعارف کروائی جائیں۔

یہ منصوبہ عالمی اور علاقائی مالیاتی مراکز کے ماڈلز کے تفصیلی جائزے کے بعد تیار کیا گیا ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ یہ عمان کی معیشت کے امید افزا شعبوں میں سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔