جمعرات، 12-فروری،2026
جمعرات 1447/08/24هـ (12-02-2026م)

ٹرمپ اور نیتن یاہو کی ملاقات، ایران پر کوئی حتمی فیصلہ نہ ہو سکا

12 فروری, 2026 08:50

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ ایران کے معاملے پر کوئی حتمی نتیجہ سامنے نہیں آیا۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھے گا تاکہ تہران کو بعض اہم مطالبات پر آمادہ کیا جا سکے۔

ٹرمپ نے کہا کہ یہ ایک بہت اچھی ملاقات تھی اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات بدستور قائم ہیں۔ ان کے مطابق اس ملاقات میں کسی واضح فیصلے تک نہیں پہنچا جا سکا، سوائے اس کے کہ انہوں نے ایران کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے پر زور دیا تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ کوئی معاہدہ ممکن ہو سکتا ہے یا نہیں۔

نیتن یاہو کا یہ دورہ بند کمرے میں ہونے والی ملاقات پر مشتمل تھا اور میڈیا کو تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ ملاقات کے بعد ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر پیغام جاری کرتے ہوئے اسے ایک شاندار ملاقات قرار دیا اور ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے کے حوالے سے امید کا اظہار کیا۔

ٹرمپ نے لکھا کہ اگر ایران کے ساتھ معاہدہ ممکن ہو جائے تو یہ ان کی ترجیح ہوگی۔ اگر معاہدہ نہ ہو سکا تو پھر نتائج کیا ہوں گے، یہ وقت ہی بتائے گا۔

ٹرمپ نے ایران کے خلاف بارہ روزہ جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے ایران کو بالواسطہ طور پر خبردار کیا کہ گزشتہ بار مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے کے بعد ایران کو سخت نتائج بھگتنا پڑے تھے۔ ان کے مطابق ایران نے اس وقت معاہدہ نہ کرنے کو بہتر سمجھا تھا جس کے بعد انہیں مڈنائٹ ہیمر کا سامنا کرنا پڑا، جو ان کے لیے اچھا تجربہ نہیں تھا۔ ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ اس بار ایران زیادہ معقول اور ذمہ دار رویہ اختیار کرے گا۔

دوسری جانب نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان میں ملاقات کی تفصیلات محدود رکھیں گئیں اور صرف یہ کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے اسرائیل کی سکیورٹی ضروریات پر گفتگو کی اور باہمی تعاون اور قریبی روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں ایران کے ساتھ مذاکرات، غزہ کی صورتحال اور خطے میں ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ٹرمپ اور نیتن یاہو جنوری 2025 سے اب تک سات مرتبہ ملاقات کر چکے ہیں، جن میں ایک ملاقات اسرائیل میں بھی ہوئی تھی۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔