جرمنی کی قومی ایئرلائن کے ملازمین کی ہڑتال، سینکڑوں پروازیں منسوخ

جرمنی کی قومی ایئرلائن لفتھانزا میں پائلٹس اور ایئر ہوسٹس کی ہڑتال کے باعث سینکڑوں پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں۔ ایئرلائن نے اس اقدام کو غیر ضروری کشیدگی قرار دیا ہے، جبکہ یونینز کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کے رویے نے انہیں اس قدم پر مجبور کیا۔
کمپنی اخراجات کم کر کے منافع میں واپسی کی کوشش کر رہی ہے، جس پر یونینز اور انتظامیہ کے درمیان تنازع شدت اختیار کر گیا ہے۔ لفتھانزا نے ابتدا میں صرف متعدد پروازوں کی منسوخی کی بات کی تھی، تاہم بعد میں واضح ہوا کہ ملک بھر کے بڑے ہوائی اڈوں پر نظام شدید متاثر ہوا ہے۔
فرینکفرٹ اور برلن جیسے بڑے ہوائی اڈوں سے کچھ پروازیں محدود پیمانے پر جاری رکھی گئی ہیں۔ کمپنی نے اپنی ویب سائٹ پر مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ ایئرپورٹ آنے سے پہلے اپنی پرواز کی صورتحال ضرور چیک کریں۔ ایئر لائن کا کہنا تھا کہ متاثرہ مسافروں کو گروپ کی دیگر ایئرلائنز یا پارٹنر ایئرلائنز کی پروازوں پر منتقل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
مسافروں کو یہ سہولت بھی دی گئی ہے کہ وہ بغیر اضافی اخراجات کے اپنی فلائٹ بکنگ کو جرمن ریلوے کمپنی ڈوئچے بان کی ٹرین ٹکٹ میں تبدیل کر سکتے ہیں۔ کمپنی کے مطابق پروازوں کا معمول جمعے تک بحال ہونے کی توقع ہے۔
لفتھانزا اور کارگو شعبے سے وابستہ 800 پائلٹس سمیت تقریباً 4 ہزار ملازمین ریٹائرمنٹ فوائد میں اضافے کے مطالبے پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ جرمن پائلٹس یونین وی سی کے صدر کا کہنا تھا کہ ہم مذاکرات کے لیے تیار تھے، مگر انتظامیہ کے رویے نے ہڑتال کو ناگزیر بنا دیا۔
یونینز اور انتظامیہ کے درمیان مذاکرات وقفے وقفے سے ہوتے رہے لیکن کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔ لفتھانزا کے ایچ آر ہیڈ کا کہنا تھا کہ یونینز کے مطالبات حد سے زیادہ ہیں اور کمپنی کے پاس اضافی اخراجات برداشت کرنے کی گنجائش نہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









