ہفتہ، 28-فروری،2026
ہفتہ 1447/09/11هـ (28-02-2026م)

پاک بھارت جوہری جنگ روک کر لاکھوں جانیں بچائیں، آٹھ جنگیں ختم کر چکا : امریکی صدر

25 فروری, 2026 12:05

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سالانہ خطاب اسٹیٹ آف دی یونین میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کا خصوصی طور پر ذکر کرتے ہوئے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ جنگ کو رکوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وہ اب تک آٹھ جنگیں ختم کر چکے ہیں اور مختلف خطوں میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے میں ان کی حکومت نے کلیدی کردار ادا کیا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان تنازع کو رکوانے میں مدد کی، اسی طرح اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کیا، کانگو اور روانڈا کے درمیان تنازع میں کردار ادا کیا اور پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کو بھی روکا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر بروقت مداخلت نہ کی جاتی تو پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری جنگ چھڑ سکتی تھی جس کے نتائج انتہائی تباہ کن ہوتے۔

صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وزیر اعظم نے ان سے گفتگو میں کہا کہ ان کی مداخلت سے پینتیس ملین افراد کی جانیں بچیں اور اگر امریکا نے کردار ادا نہ کیا ہوتا تو لاکھوں لوگ ہلاک ہو سکتے تھے۔ صدر ٹرمپ نے اس بیان کو اپنی خارجہ پالیسی کی بڑی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ امریکا نے ہمیشہ امن کے قیام کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : امریکی فوجی تیاریاں ناکافی، ایران پر صرف 5 دن حملے ممکن ہیں : امریکی اخبار

اپنے خطاب میں انہوں نے غزہ کی صورتحال کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ انہوں نے وہاں جنگ بندی ممکن بنائی۔ ان کے مطابق جنگ بندی معاہدے کے تحت غزہ سے تمام زندہ یرغمالیوں کو واپس لایا گیا، جبکہ اٹھائیس ہلاک یرغمالیوں کی لاشیں بھی برآمد کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل میں حماس اور اسرائیل نے مل کر کارروائی کی۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ان کی انتظامیہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کو ختم کرنے کی کوششیں بھی جاری رکھے ہوئے ہے اور امید ہے کہ سفارتی ذرائع سے اس تنازع کا حل نکالا جائے گا۔

انہوں نے اپنی تجارتی پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ٹیرف پالیسی کے نفاذ کے باوجود مختلف ممالک امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدے برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں اور ان کی حکمت عملی نے عالمی سطح پر امریکا کی پوزیشن مضبوط کی ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ان کی پالیسیوں کے نتیجے میں نہ صرف عالمی تنازعات کم ہوئے بلکہ امریکا کی معاشی طاقت میں بھی اضافہ ہوا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی قیادت میں امریکا نے دنیا بھر میں امن کے فروغ اور ممکنہ بڑے تصادم کو روکنے میں نمایاں کردار ادا کیا، اور پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جوہری تصادم کو روکنا ان کی بڑی سفارتی کامیابیوں میں شامل ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔