بدھ، 11-مارچ،2026
بدھ 1447/09/22هـ (11-03-2026م)

ایندھن کی قیمت بڑھنے سے ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کے کرایوں میں اضافہ

11 مارچ, 2026 13:01

پاکستان میں طیاروں کے جیٹ ایندھن کی قیمت میں نمایاں اضافے کے بعد فضائی کمپنیوں نے ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کے کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے، جس کے باعث ہوائی سفر مزید مہنگا ہو گیا ہے۔

فضائی کمپنیوں کے ذرائع کے مطابق اندرون ملک پروازوں کے ٹکٹوں کی قیمتوں میں دو ہزار آٹھ سو سے پانچ ہزار روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کا اطلاق کراچی سے لاہور، اسلام آباد اور دیگر شہروں کے لیے چلنے والی پروازوں پر ہوگا۔

ذرائع کے مطابق بین الاقوامی پروازوں کے کرایوں میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے اور مختلف روٹس کے لیے دس ہزار سے اٹھائیس ہزار روپے تک فی ٹکٹ اضافہ کر دیا گیا ہے۔

پاکستان سے مشرق وسطیٰ اور وسط ایشیاء کے ممالک کے لیے پروازوں کے ٹکٹوں میں تقریباً پندرہ ہزار روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ پاکستان سے ٹورنٹو اور مانچسٹر کے لیے جانے والی پروازوں کے کرایوں میں اٹھائیس ہزار روپے تک اضافہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں : ایرانی جنگ اور پاکستانی فضائی حدود کی بندش، انڈین ایئرلائنز شدید بحران کا شکار

اس اضافے کے بعد ٹورنٹو اور مانچسٹر کے لیے اکنامی کلاس کے یک طرفہ ٹکٹ کی قیمت ڈھائی لاکھ روپے سے تجاوز کر گئی ہے، جس کے باعث بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کو اضافی مالی بوجھ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

چند روز قبل پاکستان میں طیاروں کے جیٹ ایندھن کی قیمت میں ایک سو چون ر روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد جیٹ ایندھن کی قیمت تین سو بیالیس روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔

ایندھن کی قیمتوں میں اس اضافے کے پیش نظر فضائی کمپنیوں نے اپنے آپریشنل اخراجات پورے کرنے کے لیے ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے، جس کا براہ راست اثر مسافروں پر پڑ رہا ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔