بدھ، 11-مارچ،2026
بدھ 1447/09/22هـ (11-03-2026م)

آئی ایم ایف کا پارلیمنٹ کو اثاثے چھپانے کی چھوٹ دینے کے قانون پر شدید تحفظات کا اظہار

11 مارچ, 2026 14:39

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اقتصادی جائزہ مذاکرات کے آخری روز مشن نے حکومت کے بعض اقدامات اور بیانات میں تضاد پر سوالات اٹھا دیئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ کے وفد نے ارکان پارلیمنٹ کو اپنے اثاثے ظاہر کرنے سے استثنیٰ دینے کے مجوزہ قانون پر تحفظات کا اظہار کیا ہے اور اس اقدام کو شفافیت کے اصولوں کے خلاف قرار دیا ہے۔

مذاکرات کے دوران آئی ایم ایف نے احتساب کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قومی احتساب بیورو سمیت اہم اداروں کے سربراہان کو توسیع نہ دینے اور اداروں میں مزید شفافیت لانے کے اقدامات ضروری ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف مشن نے گورننس اور بدعنوانی کے خلاف اقدامات کو مزید مضبوط بنانے کا مطالبہ کیا ہے اور اعلیٰ سرکاری افسران کے اثاثوں کی جانچ پڑتال کے عمل کو تیز کرنے پر بھی زور دیا ہے۔

اس کے علاوہ آئی ایم ایف نے ٹیکس وصولی میں اضافہ کرنے کے لیے پائیدار اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ قومی خزانے کی آمدن میں مستقل بنیادوں پر اضافہ ممکن ہو سکے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کے ساتھ طویل جنگ عالمی معیشت کیلئے خطرہ بن سکتی ہے، آئی ایم ایف

مذاکرات کے دوران حکومت کی جانب سے مالیاتی نظم و ضبط پر عمل درآمد جاری رکھنے اور پیٹرولیم لیوی کی مد میں ایک ہزار چار سو اڑسٹھ ارب روپے وصول کرنے کے عزم سے آگاہ کیا گیا۔

حکومت نے آئی ایم ایف کو یہ بھی بتایا کہ سعودی عرب سمیت دوست ممالک سے مالی معاونت میں توسیع کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہو رہی ہے جبکہ کفایت شعاری اقدامات پر بھی عمل درآمد جاری ہے۔

آئی ایم ایف وفد کو بنیادی مالیاتی سرپلس اور زرمبادلہ کے ذخائر میں ہونے والی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری میں ممکنہ تاخیر سے بھی آگاہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مالیاتی خلا اور ٹیکس آمدن میں کمی کے مسئلے پر مزید مذاکرات متوقع ہیں جبکہ وزارت خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ مذاکرات تعمیری ماحول میں ہوئے اور عملے کی سطح کے معاہدے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

اگر معاہدے میں تاخیر ہوئی تو مذاکرات کے مزید دور ورچوئل طریقے سے بھی منعقد کیے جا سکتے ہیں۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔