امریکہ کا توانائی بحران کے پیشِ نظر کروڑوں بیرل تیل مارکیٹ میں لانے کا اعلان

عالمی توانائی بحران کے خدشات کے پیش نظر امریکہ اپنے اسٹریٹجک ذخائر سے کروڑوں بیرل تیل عالمی منڈی میں فراہم کرے گا، تاکہ تیل کی سپلائی میں استحکام برقرار رکھا جا سکے۔
امریکہ نے اعلان کیا ہے کہ عالمی توانائی ادارے کے ساتھ مشترکہ فیصلے کے تحت اپنے اسٹریٹجک ذخائر سے ایک سو بہتر ملین بیرل تیل عالمی منڈی میں جاری کیا جائے گا۔ یہ مقدار عالمی سطح پر جاری کیے جانے والے چار سو ملین بیرل تیل کا تقریباً نصف حصہ ہے۔
امریکی محکمہ توانائی کے مطابق اس ذخیرے سے تیل کی فراہمی آئندہ ہفتے سے شروع ہو گی اور تقریباً ایک سو بیس دنوں میں مکمل ہو جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد عالمی منڈی میں تیل کی قلت کو روکنا اور قیمتوں میں استحکام لانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی ڈرون اور میزائل امریکہ کیلئے بڑا چیلنج بن گئے، دفاعی نظام پر شدید دباؤ
محکمہ توانائی کے مطابق امریکہ آئندہ ایک سال کے دوران دو سو ملین بیرل تیل خرید کر اپنے ذخائر کو دوبارہ بھر دے گا تاکہ توانائی کے ہنگامی ذخائر برقرار رہیں۔
امریکی حکام نے بتایا کہ اس عمل کے اخراجات عام شہریوں پر نہیں ڈالے جائیں گے، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
محکمہ توانائی کے اعداد و شمار کے مطابق مارچ کے اوائل تک امریکہ کے اسٹریٹجک ذخائر میں تقریباً چار سو پندرہ ملین بیرل تیل موجود تھا، جبکہ ان ذخائر کی مجموعی گنجائش سات سو ملین بیرل کے قریب ہے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












