پیر، 4-مئی،2026
پیر 1447/11/17هـ (04-05-2026م)

کراچی میں گرمی کا قہر، اسپتالوں میں سانس کے مریضوں میں 20 فیصد اضافہ

04 مئی, 2026 14:52

کراچی میں جاری شدید گرمی اور حبس نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے، جس کے باعث اسپتالوں میں سانس کی بیماریوں کے کیسز میں 20 فیصد تشویشناک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

صوبائی دارالحکومت کراچی ان دنوں شدید ترین گرمی اور حبس کی لپیٹ میں ہے، جس کے منفی اثرات شہریوں کی صحت پر براہِ راست پڑ رہے ہیں۔

شہر کے تمام سرکاری اور نجی اسپتالوں سے موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق حالیہ دنوں میں سانس سے متعلق بیماریوں، بالخصوص دمے کے کیسز میں 20 فیصد تک اضافہ ہو چکا ہے۔

گرم اور حبس زدہ موسم کی وجہ سے ہوا میں آکسیجن کی مؤثر مقدار میں کمی محسوس کی جا رہی ہے، جو پہلے سے سانس کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔

ماہرِ امراضِ تنفس ڈاکٹر جاوید خان نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مرطوب موسم میں نمونیا کا خطرہ بھی کئی گنا بڑھ جاتا ہے، اس لیے شہریوں کو اب پہلے سے زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی میں سورج آگ برسانے لگا، گرمی کی شدت 47 ڈگری تک محسوس ہونے کا خدشہ

ڈاکٹر جاوید خان نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے مکمل گریز کریں اور اگر باہر نکلنا ناگزیر ہو تو براہِ راست دھوپ سے بچنے کے لیے ہلکے رنگ کے سوتی کپڑے پہنیں اور سر کو ڈھانپ کر رکھیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہری پانی کا استعمال عام دنوں کی نسبت کہیں زیادہ بڑھا دیں تاکہ جسم میں پانی کی کمی یعنی ڈی ہائیڈریشن سے بچا جا سکے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تپش سے بچنے کے لیے درختوں کے سائے میں زیادہ وقت گزارنا اور گھروں میں پودے لگانا بہترین حل ہے، تاکہ ماحول کو قدرتی طور پر ٹھنڈا اور سانس لینے کے قابل بنایا جا سکے۔

اسپتالوں میں آنے والے مریضوں میں زیادہ تر وہ لوگ شامل ہیں، جو کام کے سلسلے میں تپتی دھوپ میں زیادہ وقت گزارتے ہیں، اس لیے محنت کش طبقے کو خاص طور پر سائے اور پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔