مفت بجلی کی سہولت سے متعلق ملازمین کیلئے اہم خبر آگئی

Employees get update on free electricity
پشاور ہائیکورٹ نے گریڈ 17 اور اس سے زائد درجے کے ملازمین کو دی جانے والی مفت بجلی کی سہولت ختم کرنے سے متعلق وفاقی حکومت کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا ہے۔
یہ حکم ٹرائبل ایریا الیکٹرک سپلائی کمپنی (ٹیسکو) کے ملازمین کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کے بعد جاری کیا گیا۔ عدالت نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے وفاقی حکومت کے 5 دسمبر 2023 اور 6 مئی 2026 کے نوٹیفکیشنز پر عملدرآمد روک دیا۔
عدالتی حکم کے مطابق کیس کے تمام فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں جبکہ آئندہ سماعت 18 جون تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ اس دوران مفت بجلی کی سہولت ختم کرنے کے حکومتی فیصلے پر عمل نہیں ہو سکے گا۔
سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ مفت بجلی کی سہولت ملازمین کی سروس شرائط کا حصہ ہے۔ حکومت کسی بھی قانونی طریقہ کار کے بغیر یہ سہولت ختم نہیں کر سکتی۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملازمین نے اپنی ملازمت انہی شرائط کے تحت اختیار کی تھی، اس لیے اس سہولت کا خاتمہ ان کے حقوق کو متاثر کرتا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے مزید مؤقف اپنایا کہ حکومتی فیصلہ آئین کے مختلف آرٹیکلز سے متصادم ہے۔ یہ اقدام شہریوں کے مساوی حقوق، جائیداد کے تحفظ اور قانونی تحفظ سے متعلق آئینی ضمانتوں کے خلاف ہے۔
عدالت کو یہ بھی بتایا گیا کہ گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے ملازمین کی مفت بجلی کی سہولت سابق نگراں حکومت کے دور میں ختم کی گئی تھی۔ درخواست گزاروں کے مطابق نگراں حکومت کے پاس ایسے طویل المدتی اور پالیسی نوعیت کے فیصلے کرنے کا مکمل اختیار نہیں تھا۔
سماعت کے دوران یہ نکتہ بھی اٹھایا گیا کہ ٹیسکو ایک خودمختار کارپوریٹ ادارہ ہے اور اس کے ملازمین کی مراعات اور سروس شرائط مخصوص قواعد و ضوابط کے تحت طے کی جاتی ہیں۔ اس لیے حکومتی نوٹیفکیشن کمپنی کے موجودہ نظام اور طریقہ کار سے مطابقت نہیں رکھتا۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










