پنجاب میں مون سون بارشوں سے جاں بحق افراد کی تعداد 21 ہوگئی

پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں کے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق صوبے میں بارشوں سے متعلقہ واقعات میں 21 شہری جاں بحق ہوچکے ہیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے ترجمان نے جاری مون سون بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کے اعداد و شمار پر مبنی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال مون سون بارشوں کے دوران مختلف واقعات میں 21 شہری جاں بحق جبکہ 154 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب میں طوفانی بارشیں، چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے 9 افراد جاں بحق
بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 2، عمارتیں گرنے سے 15، کرنٹ لگنے سے 3 اور پانی میں ڈوبنے سے ایک شخص کی جان گئی۔ تاہم سیلابی ریلے میں بہنے یا پھنسے ہونے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بارشوں کی وجہ سے 38 مکانات کو جزوی طور پر نقصان پہنچا اور ایک مویشی ہلاک ہوا۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے مون سون بارشوں کے دوسرے اسپیل کے پیش نظر تمام انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اربن اور فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق زخمیوں کو علاج فراہم کیا جا رہا ہے اور حکومت کی پالیسی کے تحت جاں بحق افراد کی فیملیز کو 10 سے 50 لاکھ روپے تک امداد دی جا رہی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے تمام ڈی سیز کو دریاؤں اور ندی نالوں کے پاس دفعہ 144 کا نفاذ یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کچے اور مخدوش مکانات میں نہ رہیں اور بچوں کو بجلی کی تاروں، کھمبوں اور نشیبی علاقوں سے دور رکھیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











