پانی کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا ناقابل قبول ہے، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پانی کو سیاسی ہتھیار بنانے کی سخت مخالفت کی اور خطے میں امن کے لیے عالمی معاہدوں کی پاسداری پر زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے 25ویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم عالمی امن و استحکام کے لیے ایک انتہائی اہم پلیٹ فارم ہے اور اس کے 25 سال مکمل ہونا ایک تاریخی سنگ میل ہے۔ پاکستان اس تنظیم کا ایک فعال اور ذمہ دار رکن ہے اور کثیر الجہتی نظام کو مضبوط بنانے کا پرزور حامی ہے۔
وزیراعظم نے واضح طور پر کہا کہ پانی ہمارے خطے کی زندگی اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کی ضمانت ہے، لہذا پانی کو سیاسی مقاصد یا دباؤ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام عالمی معاہدوں پر ان کی روح اور الفاظ کے مطابق مکمل عمل ہونا ضروری ہے کیونکہ جنوبی ایشیا پائیدار امن کے بغیر اپنی مکمل صلاحیت حاصل نہیں کر سکتا۔
علاقائی سیکیورٹی اور دہشت گردی سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار سے زائد قیمتی جانوں کی قربانیاں دی ہیں اور اس دوران ملک کو 150 ارب ڈالر سے زائد کا سنگین معاشی نقصان برداشت کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں : بھارت میں تعلیمی بدانتظامی کے خلاف طلبا سڑکوں پر آگئے، مودی حکومت پر شدید تنقید
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کا خواہاں ہے، تاہم افغان سرزمین کو کسی بھی صورت پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
فلسطین کے بحران پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ غزہ اور مغربی کنارے میں جاری انسانی المیہ ناقابل تصور مصائب کا باعث بن رہا ہے، جس پر عالمی برادری کو فوری توجہ دیتے ہوئے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کا احترام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں کو اب اپنے اعلانات کو عملی اقدامات میں بدلنا ہوگا۔
پاکستان کی ایس سی او چیئرمین شپ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان کا مقصد اس وژن اور تصورات کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس دور میں سی پیک کے ذریعے علاقائی معیشتوں کو بحیرہ عرب سے جوڑنے، توانائی، آئی ٹی، صحت، ثقافت اور کھیلوں کی فروغ کو ترجیح دی جائے گی۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اس کے ساتھ ہی پاکستان تنظیم میں مصنوعی ذہانت کے بنیادی ڈھانچے اور گورننس فریم ورک کی تجویز بھی پیش کرے گا تاکہ رابطہ کاری، جدت اور مشترکہ خوشحالی کا خواب پورا ہو سکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










