ایران کا دوران جنگ 200 سے زائد طیارے گرانے، ایک ہزار سے زائد اسرائیلی و امریکی فوجی ہلاک کرنے کا دعویٰ

ایرانی فوجی کمانڈروں نے جنگ کے دوران 200 سے زائد دشمن طیارے گرانے اور ایک ہزار سے زائد اسرائیلی و سیکڑوں امریکی اہلکار ہلاک کرنے کا دعویٰ کردیا۔
ایران کی فوج کے ایئر ڈیفنس فورس کے چیف کمانڈر بریگیڈیئر جنرل علیرضا الہامی نے ایئر ڈیفنس ڈے کے موقع پر جاری کردہ اپنے خاص پیغام میں کہا کہ حالیہ امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ ہونے والی جنگ کے دوران ایران کے مقامی طور پر تیار کردہ ایئر ڈیفنس سسٹمز نے دشمن کے 200 سے زائد طیاروں کو کامیابی سے نشانہ بنا کر تباہ کیا۔
انہوں نے زور دیا کہ ایران نے اپنی آپریشنل ضروریات کے مطابق اپنے دفاعی سسٹمز خود تیار کیے ہیں اور ان میں سے کچھ ایسے جدید سسٹمز بھی شامل ہیں، جن کا دنیا میں کوئی متبادل موجود نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جنگ کے دوران بعض اوقات دشمن کی فورسز کو یہ اندازہ تک نہیں ہو سکا کہ ان کے طیاروں کو کس ایرانی ایئر ڈیفنس سسٹم نے نشانہ بنایا ہے۔
دوسری جانب ایرانی مسلح افواج کے سینیئر ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے اپنے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا ہے کہ اس حالیہ جنگ میں ایک ہزار سے زائد اسرائیلی اہلکار ہلاک جبکہ ہزاروں شدید زخمی کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جنگ کے دوران مارے جانے والے امریکی فوجیوں کی تعداد بھی سیکڑوں میں ہے لیکن امریکہ اور اسرائیل مسلسل اپنے اہلکاروں کی ہلاکتوں کے حقیقی اعداد و شمار دنیا سے چھپا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : جنوبی لبنان میں اسرائیلی بمباری کا سلسلہ تیز، بفر زون بنانے کی کوشش قبول نہیں کریں گے، لبنانی اسپیکر
ترجمان کے مطابق ماضی میں افغانستان اور عراق کی جنگوں میں بھی امریکہ نے ایسا ہی کیا تھا اور اصل ہلاکتیں بہت بعد میں ظاہر کر کے اپنے ہلاک شدگان کی باقیات ان کے لواحقین کے حوالے کی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکی فوج صرف ایک ہالی ووڈ کی دکھاوے والی فوج ہے، جو مسلم ممالک کے وسائل پر قبضہ کرنا چاہتی ہے، مگر ایران نے دنیا کے سامنے ان کی حقیقت کھول کر رکھ دی ہے۔
اسی موقع پر ایرانی فوج کے کوآرڈینیٹنگ ڈپٹی کمانڈر بریگیڈیئر جنرل محمد صادقیان نے ایئر ڈیفنس فورسز کے کام کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ملک کے ایئر ڈیفنس فورسز پر چار بنیادی مشن یعنی دشمن کی نشاندہی، شناخت، تعاقب اور تباہی کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت ایرانی ایئر ڈیفنس کی فورسز صحراؤں، ساحلی علاقوں، جزائر اور دشوار گزار پہاڑی سلسلوں سمیت ملک بھر کے 3 ہزار 800 سے زائد مختلف مقامات پر تعینات ہیں تاکہ حساس اور اہم تنصیبات کی چوبیس گھنٹے حفاظت کی جا سکے۔
مزید برآں ایرانی فوج کے دیگر اعلیٰ کمانڈروں میجر جنرل امیر حاتمی، ریئر ایڈمرل حبیب اللہ سیاری اور نیوی کمانڈر ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی نے بھی دفاعی اہلکاروں کی جرات اور خود انحصاری کو سراہا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










