سسٹم ری سیٹ ہونے والا ہے، چیزیں بہت بہتر ہوجائیں گی: محسن نقوی

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک کا نظام ری سیٹ ہونے والا ہے اور اس عمل کے بعد معاملات میں بہتری آئے گی، تاہم اس کے لیے عوام اور تاجر برادری کا تعاون ضروری ہے۔
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ جب تک تاجر اور عوام ساتھ نہیں دیں گے، ملک میں مطلوبہ تبدیلیاں لانا مشکل ہوگا۔
وزیر داخلہ نے ملکی معیشت میں بہتری کے لیے برآمدات بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو ایکسپورٹ میں اضافے کے لیے واضح اور جامع منصوبہ تیار کرنا ہوگا۔
انہوں نے ایران کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایران مختلف مصنوعات اپنے ملک میں تیار کرسکتا ہے تو پاکستان بھی مقامی پیداوار کو فروغ دے سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دوسرے ممالک کے تجربات سے سیکھتے ہوئے ’’میڈ اِن پاکستان‘‘ کو آگے بڑھانا چاہیے۔
محسن نقوی نے لاہور چیمبر کے تاجروں کو ان کے مسائل کے حل کے لیے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ جہاں ضرورت ہوگی دستیاب ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت گزشتہ چند ماہ سے بزنس پاسپورٹ کے منصوبے پر کام کررہی ہے اور امید ہے کہ ایسا منصوبہ وزیراعظم کے سامنے پیش کیا جائے گا جس سے کاروباری افراد کو ویزا سے متعلق مشکلات میں سہولت مل سکے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











