مصطفیٰ کمال کا سندھ میں ایم ڈی کیٹ میں بے ضابطگیوں کی شکایات کا نوٹس، تحقیقات کا حکم

اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے سندھ میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) کے نتائج میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق شکایات کا نوٹس لے لیا۔
وزارت صحت نے ایم ڈی کیٹ نتائج کی جانچ کے لیے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے صدر کو خط ارسال کردیا ہے، جس میں مختلف امتحانی مراکز کے نتائج کا تفصیلی تجزیہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں سینٹر وائز امیدواروں کی تعداد، حاصل کردہ نمبرز، پاس ہونے والے امیدواروں کی شرح اور زیادہ نمبر حاصل کرنے والے امیدواروں کے اعداد و شمار کا جائزہ لینے کو کہا گیا ہے۔
وزارت صحت نے امتحانی مراکز کے نتائج میں غیر معمولی یا نمایاں فرق کی بھی جانچ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس کے ساتھ حاضری شیٹس، سیٹنگ پلان، سینٹر ریکارڈ اور نتائج سے متعلق ڈیٹا کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
پی ایم ڈی سی کو ایم ڈی کیٹ کے دوران کیے گئے انویجیلیشن انتظامات اور دستیاب ڈیجیٹل ریکارڈ کی جانچ کرنے کو بھی کہا گیا ہے۔ مراسلے میں کسی امیدوار کی جگہ دوسرے شخص کے امتحان دینے اور پیپر لیک ہونے سے متعلق شکایات کی بھی تحقیقات کی ہدایت کی گئی ہے۔
تحقیقات میں امتحانی طریقہ کار کی ممکنہ خلاف ورزی، تکنیکی خرابی اور انتظامی غفلت سمیت مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ ایم ڈی کیٹ کے انعقاد اور نتائج کی تیاری سے متعلق رپورٹس اور ریکارڈ بھی حاصل کیے جائیں گے۔
وفاقی وزارت صحت نے پی ایم ڈی سی کو تحقیقات مکمل کرکے 15 روز کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ کے امتحانی عمل میں شفافیت اور انتظامی معیار کو بہتر بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جاتے رہے ہیں، جبکہ امتحان کے عملی انعقاد میں متعلقہ جامعات کا کردار بھی شامل ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









