ہفتہ، 3-اکتوبر،2026
ہفتہ 1448/04/22هـ (03-10-2026م)

مذاکرات کا دوسرا دور؛ حکومت کسی قیمت پر اسلام آباد پر چڑھائی کی اجازت نہیں دے گی، فریقین آج مطالبات پر جواب دیں گے

03 اکتوبر, 2026 12:25

اسلام آباد: حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور آج دوپہر 3 بجے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے چیمبر میں ہوگا، جس میں دونوں فریق ایک دوسرے کے مطالبات پر اپنے جوابات سے آگاہ کریں گے۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے بھی مذاکرات کے دوسرے دور کی تصدیق کی ہے۔

مذاکرات کے پہلے دور میں حکومت، پاکستان پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے نمائندوں نے ملک کی سیاسی صورتحال، 4 اکتوبر کے مجوزہ مارچ اور دیگر قومی معاملات پر اپنے اپنے مؤقف پیش کیے۔ فریقین نے سیاسی اختلافات کو مذاکرات اور پارلیمانی مکالمے کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا، تاہم اہم معاملات پر کوئی حتمی پیش رفت نہیں ہوسکی۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقاتوں پر عائد پابندی ختم کرنے، ان کی بہنوں کی نظر بندی ختم کرنے اور ان کے طبی معائنے و علاج سے متعلق مطالبات سامنے رکھے گئے ہیں۔ حکومت نے دوسری جانب 4 اکتوبر کے لانگ مارچ کی کال واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

حکومتی مؤقف کے مطابق اسلام آباد کی جانب مارچ یا چڑھائی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے بھی کہا ہے کہ حکومت 4 اکتوبر کے لانگ مارچ کی کال غیر مشروط طور پر واپس لینے کا مطالبہ کر رہی ہے۔

پی ٹی آئی کے مذاکراتی وفد میں بیرسٹر گوہر علی خان، علامہ راجا ناصر عباس، اسد قیصر، سلمان اکرم راجا، عامر ڈوگر اور حلیم عادل شیخ شامل ہیں، جبکہ حکومتی و اتحادی وفد میں وزیر داخلہ محسن نقوی، رانا ثنا اللہ، طلال چوہدری، امیر مقام، شیری رحمان، نوید قمر اور اعجاز جاکھرانی شامل ہیں۔

پہلے دور کے بعد بیرسٹر گوہر نے مذاکرات کو خوشگوار ماحول میں ہونے والا قرار دیا تھا، جبکہ حکومتی اور پی ٹی آئی وفود نے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

مذاکرات کی صورتحال سے متعلق حکومتی وفد کے ارکان نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی رابطہ کرکے انہیں اپوزیشن کے مطالبات اور بات چیت میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا ہے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی وفد نے محمود خان اچکزئی سے ملاقات کرکے آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی ہے۔

اب مذاکرات کے دوسرے دور میں دونوں جانب سے ایک دوسرے کے مطالبات پر جواب سامنے آنے کی توقع ہے، جبکہ 4 اکتوبر کے مجوزہ مارچ کا معاملہ بات چیت میں اہم موضوع رہے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔