ہفتہ، 3-اکتوبر،2026
ہفتہ 1448/04/22هـ (03-10-2026م)

بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، پاکستانی شہریوں کے قتل پر شدید احتجاج

03 اکتوبر, 2026 14:00

اسلام آباد: بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکاروں کی جانب سے قصور کے بیدیاں سیکٹر میں 2 پاکستانی شہریوں کی ہلاکت کے معاملے پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بی ایس ایف اہلکاروں نے 2 اکتوبر کو انٹرنیشنل بارڈر پر بیدیاں سیکٹر میں 2 پاکستانی شہریوں کے خلاف ہلاکت خیز طاقت کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں دونوں شہری جاں بحق ہوگئے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ نہتے شہریوں کے خلاف طاقت کا استعمال مکمل طور پر بلاجواز اور انتہائی غیر متناسب تھا، جبکہ اس کارروائی کے نتیجے میں 2 قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔

ترجمان کے مطابق پاکستان جاں بحق شہریوں کو درانداز قرار دینے کی کسی بھی کوشش کو واضح طور پر مسترد کرتا ہے۔ دفتر خارجہ نے واقعے کو بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے بین الاقوامی قانون کے تحت شہریوں کی جان کے تحفظ سے متعلق بھی سنگین خدشات پیدا ہوئے ہیں۔

پاکستان نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری، شفاف اور قابلِ اعتماد تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار افراد کے خلاف مناسب محکمانہ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی حکومت پاکستان کو تحقیقات کے نتائج اور واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کی جانے والی کارروائی سے باضابطہ طور پر آگاہ کرے۔

پاکستان نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کے احترام کو یقینی بنائے اور متعلقہ دوطرفہ انتظامات سمیت طے شدہ سرحدی طریقہ کار پر سختی سے عمل کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کو مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات بھی کرنے چاہئیں تاکہ سرحد پر شہریوں کی جانوں کو لاحق خطرات سے بچایا جاسکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔