ہفتہ، 3-اکتوبر،2026
ہفتہ 1448/04/22هـ (03-10-2026م)

جنیوا میں بھارت کی آبی پالیسی پر سوالات، سندھ طاس معاہدے پر عملدرآمد کا مطالبہ

03 اکتوبر, 2026 14:42

جنیوا: اقوام متحدہ کے اجلاس کے موقع پر ہونے والے ایک پروگرام میں بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کے معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معاہدے اور بین الاقوامی قانونی ذمہ داریوں کی پاسداری پر زور دیا گیا۔

پروگرام میں ماہرین نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارت کے اقدامات کے خطے میں پانی کی تقسیم اور علاقائی استحکام پر اثرات کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے، جبکہ پاکستان کو زیریں ریاست کی حیثیت سے دریائے سندھ کے پانی کے منصفانہ اور باقاعدہ بہاؤ کے حقوق حاصل ہیں۔

شرکا نے مستقل ثالثی عدالت کے 31 اگست 2026 کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عدالت نے سندھ طاس معاہدے کو بدستور نافذ قرار دیا ہے۔ عدالت کے مطابق بھارت کی جانب سے معاہدے کو ’التوا میں رکھنے‘ کی وجوہات معاہدے کی معطلی یا خاتمے کا جواز فراہم نہیں کرتیں۔

پاکستانی وزارت خارجہ نے بھی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ سندھ طاس معاہدہ مکمل طور پر نافذ اور فریقین کے لیے پابند ہے۔ وزارت خارجہ کے مطابق معاہدے کے تحت طے شدہ تنازعات کے حل کا طریقہ کار بھی بدستور مؤثر ہے۔

جنیوا پروگرام میں ماہرین نے کہا کہ دریائے سندھ کے پانی سے متعلق کسی بھی یکطرفہ اقدام کے اثرات پاکستان میں زراعت، خوراک اور لاکھوں لوگوں کی ضروریات پر مرتب ہوسکتے ہیں، اس لیے مشترکہ آبی وسائل سے متعلق طے شدہ قانونی فریم ورک کی پاسداری ضروری ہے۔

شرکا نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان آبی تنازعات کے حل کے لیے بین الاقوامی قانون اور موجودہ معاہدہ جاتی فریم ورک کی حمایت کرے اور فریقین کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی ترغیب دے۔

پروگرام میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی سے متعلق اختلافات کو مذاکرات، قانونی طریقہ کار اور موجودہ دوطرفہ انتظامات کے ذریعے حل کیا جائے تاکہ آبی تنازع خطے میں مزید کشیدگی کا سبب نہ بنے۔

دوسری جانب بھارت نے مستقل ثالثی عدالت کے 31 اگست کے فیصلے کے بعد عدالت کے دائرہ اختیار کو تسلیم کرنے سے انکار کیا تھا اور سندھ طاس معاہدے کو معطل رکھنے کے اپنے مؤقف پر قائم رہا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔