پیر، 13-اپریل،2026
پیر 1447/10/25هـ (13-04-2026م)

بجلی صارفین کیلئے بُری خبر آگئی

13 اپریل, 2026 08:48

لاہور میں بجلی کا بحران ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا ہے۔

 لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے نظام میں بجلی کا شارٹ فال 850 میگاواٹ سے زیادہ ہو گیا ہے۔ اس وقت شہر میں بجلی کی طلب تقریباً 2700 میگاواٹ ہے، مگر سپلائی اس کے مطابق پوری نہیں ہو پا رہی۔ اس صورتحال نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس بحران کی بڑی وجہ بلوکی پاور پلانٹ کی اچانک بندش ہے۔ یہ پاور پلانٹ آر ایل این جی گیس کی عدم فراہمی کے باعث بند ہو گیا ہے۔ یاد رہے کہ بلوکی پلانٹ قومی گرڈ کو تقریباً 1223 میگاواٹ بجلی فراہم کر رہا تھا۔ اس کی بندش سے بجلی کے نظام پر شدید دباؤ آ گیا ہے۔

بجلی کی کمی کے باعث شہر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ شہری علاقوں میں اوسطاً 2 گھنٹے جبکہ مضافاتی اور دیہی علاقوں میں 4 سے 6 گھنٹے تک بجلی بند کی جا رہی ہے۔ جیسے جیسے گرمی بڑھے گی، بجلی کی طلب میں اضافہ ہوگا اور لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھ سکتا ہے۔

دوسری طرف گیس کا بحران بھی شدت اختیار کر رہا ہے۔ سوئی ناردرن کے مطابق گیس پریشر میں کمی اور قلت کے باعث شہری متبادل کے طور پر ایل پی جی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ اس سے گھریلو اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے، خاص طور پر غریب اور متوسط طبقہ زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔