پاکستان بینکنگ سمٹ 2026 پاکستان کے مالیاتی شعبے کے مستقبل پر مؤثر مکالمے کو فروغ دے گا

کراچی، 4 جولائی 2026: پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (PBA) نے اپنے سالانہ فلیگ شپ ایونٹ پاکستان بینکنگ سمٹ 2026 (PBS’26) کے دوسرے ایڈیشن کا اعلان کر دیا ہے، جو 7 اور 8 جولائی 2026 کو کراچی میں منعقد ہوگا۔
پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا پاکستان بینکنگ سمٹ ملکی بینکاری صنعت کا ایک نمایاں پلیٹ فارم بن چکا ہے، جو باہمی تعاون کو فروغ دینے، عالمی سطح کی بہترین روایات سے استفادہ کرنے اور پالیسی سازی پر مؤثر مکالمے کے ذریعے پاکستان کے مالیاتی شعبے کی طویل المدتی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
گزشتہ سال کے کامیاب افتتاحی ایڈیشن کے بعد، PBS’26 میں دو روزہ اسٹریٹجک مکالمے کے لیے بینکاری صنعت کے سینئر رہنما ایک جگہ جمع ہوں گے، جہاں پاکستان کی معیشت اور مالیاتی شعبے کو درپیش مواقع، چیلنجز اور پالیسی ترجیحات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
کراچی میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران سمٹ کا باضابطہ اعلان پاکستان بینکنگ سمٹ کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے چیئر مین اور بینک الفلاح کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف باجوہ، پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے چیئر مین اوردی بینک آف پنجاب کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ظفر مسعود، اور پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر و سیکریٹری جنرل منیر کمال نے کیا۔
اس موقع پر پاکستان بینکنگ سمٹ کی اسٹئرنگ کمیٹی کے اراکین، جن میں پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین اور فیصل بینک کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر یوسف حسین اور سٹی پاکستان کے کنٹری آفیسر و بینکنگ ہیڈ حبیب یوسف بھی شامل تھے، موجود تھے۔
سمٹ کے دوران نو موضوعاتی سیشنز میں پاکستان کے مالیاتی منظرنامے کو متاثر کرنے والے اہم امور پر گفتگو کی جائے گی، جن میں عالمی اور ملکی معاشی منظرنامہ، زراعت، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs) اور کم لاگت رہائش جیسے ترجیحی شعبوں کی مالی معاونت، ڈیجیٹل بینکاری اور ادائیگیوں کا نظام، موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ مالیاتی نظام، بینکوں اور کیپٹل مارکیٹس کے درمیان اشتراک، اسلامی بینکاری، اور آئندہ نسل کی قیادت اور ٹیلنٹ کی تیاری شامل ہیں۔
اس سمٹ میں1,002 سے زائد شرکاء شرکت کریں گے، جن میں پالیسی ساز، ریگولیٹرز، بینکاری شعبے کے رہنما، کارپوریٹ ایگزیکٹوز، ماہرین تعلیم اور ترقیاتی شراکت دار شامل ہوں گے۔
پروگرام میں 15 سے زائد بین الاقوامی مقررین ذاتی طور پر شرکت کریں گے، جبکہ 20 سے زائد مقامی ماہرین بھی اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ اس کے علاوہ لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (LUMS) کے بانی پرو چانسلر سید بابر علی کا خصوصی ویڈیو پیغام بھی پروگرام کا حصہ ہوگا، جبکہ 48 سے زائد مالیاتی اداروں کی نمائندگی بھی سمٹ میں موجود ہوگی۔
تصدیق شدہ کلیدی مقررین میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر جمیل احمد، اور وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے اور وزیراعظم کے ڈلیوری یونٹ کے سربراہ بلال اظہر کیانی شامل ہیں۔ یہ دو روزہ سمٹ عالمی تجربات، صنعتی مہارت اور عملی بصیرت کو یکجا کرتے ہوئے پاکستان کے مالیاتی شعبے کے مستقبل سے متعلق پالیسی مباحث کو تقویت دے گا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان بینکنگ سمٹ کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے چیئر مین عاطف باجوہ نے کہا:
PBS’26” کا انعقاد ایک نہایت اہم وقت پر ہو رہا ہے۔ وفاقی بجٹ کے اعلان کے فوراً بعد ہونے والا یہ سمٹ پالیسی سازوں، ریگولیٹرز، صنعت کے رہنماؤں اور بین الاقوامی ماہرین کو یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ ملک کی معاشی ترجیحات کا جائزہ لیں اور اس پر غور کریں کہ ان اہداف کو مؤثر نتائج میں کیسے تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ اس سے بھی بڑھ کر، یہ سمٹ پالیسی اعلانات سے آگے بڑھ کر عملدرآمد، باہمی تعاون اور قابل عمل حل پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔ مختلف نقطہ نظر کو یکجا کرتے ہوئے PBS’26 ایک مضبوط، زیادہ مسابقتی اور مستقبل سے ہم آہنگ مالیاتی شعبے کی تشکیل میں معاون ثابت ہوگا، جو پاکستان کی طویل المدتی معاشی ترقی کی حمایت کرے گا۔ـــ”
پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے چیئر مین ظفر مسعود نے کہا:
"طویل عرصے سے بینکاری صنعت کی پالیسی سازی میں شمولیت منتشر رہی ہے۔ پاکستان بینکنگ سمٹ اس صورتحال کو بدلنے کی کوشش ہے، جہاں صنعت کی اجتماعی قیادت، حکومت، ریگولیٹرز اور بین الاقوامی شراکت دار ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع ہوتے ہیں۔ جب صنعت ایک واضح مقصد کے ساتھ متحد ہو کر سامنے آتی ہے تو پالیسی ساز اس کی آواز سنتے ہیں۔ PBS’26 اتفاقِ رائے پیدا کرنے، عالمی بہترین روایات کے تبادلے اور پاکستان کے مالیاتی شعبے کے مستقبل کی مشترکہ تشکیل کا ایک مؤثر پلیٹ فارم ہے۔”
پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر و سیکریٹری جنرل منیر کمال نے کہا:
"پاکستان بینکنگ سمٹ بینکاری صنعت کے مسلسل سیکھنے، باہمی تعاون اور اجتماعی ترقی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ پاکستان اور دنیا بھر سے مختلف آراء اور تجربات کو یکجا کر کے PBS’26 عملی بصیرت پیدا کرے گا، شراکت داریوں کو مضبوط بنائے گا، اور ایک زیادہ مضبوط، جدید اور مستقبل سے ہم آہنگ مالیاتی نظام کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرے گا۔”
بینکاری صنعت کے سالانہ فلیگ شپ پلیٹ فارم کے طور پر PBS’26 اس شعبے کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ صنعت کے اندر وسیع پیمانے پر تعاون کو فروغ دیا جائے اور سرکاری و نجی شعبوں کے درمیان مؤثر روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور عالمی نقطہ نظر کو یکجا کرتے ہوئے، یہ سمٹ قابلِ عمل سفارشات مرتب کرنے، بامعنی پالیسی مکالمے کو فروغ دینے، اور ایک مضبوط، جامع اور مستقبل سے ہم آہنگ مالیاتی نظام کی تشکیل میں معاون ثابت ہوگا، جو پاکستان کی پائیدار معاشی ترقی کی بنیاد بنے گا۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











