حکومت نے تاجروں کیلئے ریٹیلر اسکیم ایپ لانچ کردی

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ریٹیلرز اسکیم ایپ کے اجرا سے ٹیکس نظام مزید مؤثر بنایا جارہا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ریٹیلرز اسکیم ایپ کے اجرا سے ٹیکس نظام مزید مؤثر بنایا جارہا ہے، ٹیکس نظام کو آسان اور مؤثر بنانا ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس نظام کا معیشت میں اہم کردار ہے، ریٹیلرز اسکیم سے چھوٹے دکانداروں کو سہولت میسر آئے گی، ہر طبقے کو قومی دھارے میں شامل کرنا ضروری ہے، آسان ٹیکس وصولی کیلئے ایف بی آر کا مشکور ہوں۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ریٹیلراسکیم تاجروں کی مشاورت سے بنائی گئی، ایپ کی تیاری میں تاجر قائدین کو بھی ساتھ رکھا، ٹیکس کا دائرہ وسیع کرنے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ریٹیلراسکیم ایپ گوگل پلے اسٹور سے باآسانی ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے، ستمبر کے پہلے ہفتے تک ایپ مقامی زبانوں میں بھی استعمال ہوگی۔
چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے کہا کہ ٹیکس نیٹ میں شمولیت کیلئے تاجروں کو آسان طریقہ فراہم کیا، پہلے فائلر بننے کیلئے کنسلٹنٹ سے رابطہ کرنا پڑتا تھا، ریٹیلر اسکیم تاجروں کی آسانی کے لیے لائی گئی۔
راشد لنگڑیال نے کہا کہ امید ہے ریٹیلر اسکیم کامیاب ہوگی، چھوٹے تاجر طویل پراسیس کے باعث ٹیکس نیٹ میں نہیں آتے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











