پیر، 5-اکتوبر،2026
پیر 1448/04/24هـ (05-10-2026م)

پنجاب کا اپنی چھت، اپنا گھر منصوبہ دنیا کے 5 بہترین سستے رہائشی منصوبوں میں شامل

05 اکتوبر, 2026 14:35

پنجاب حکومت کے ہاؤسنگ منصوبے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ کو عالمی سطح پر اہم اعزاز مل گیا۔

 منصوبے کو 2026 کے اقوام متحدہ کے ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ اعزاز کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے محفوظ اور مناسب رہائش کے مواقع بڑھانے والی کوششوں کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔

اس منصوبے کا باضابطہ آغاز 2024 میں کیا گیا تھا۔ اس کا مقصد ایسے خاندانوں کو اپنے گھر کی تعمیر میں مدد فراہم کرنا ہے جو اپنے پلاٹ رکھتے ہیں لیکن تعمیر کے لیے مالی وسائل کی کمی کا سامنا کرتے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت بلاسود ہاؤسنگ قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔

تازہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 10 ستمبر 2026 تک منصوبے کے تحت 2 لاکھ سے زیادہ درخواست گزاروں کو مجموعی طور پر تقریباً 259.68 ارب روپے کے بلاسود قرضے جاری کیے جاچکے ہیں۔ ان قرضوں سے صوبے کے مختلف علاقوں میں گھروں کی تعمیر کا عمل جاری ہے۔

رپورٹس کے مطابق منصوبے کے پہلے مرحلے میں 134 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر کے لیے 196 ارب روپے سے زیادہ کے قرضے فراہم کیے گئے۔ دوسرے مرحلے میں تقریباً 65 ہزار گھروں کے لیے 62 ارب روپے سے زیادہ کے قرضے جاری کیے گئے۔ اس طرح منصوبے کے ذریعے بڑی تعداد میں خاندانوں کو گھر بنانے کے لیے مالی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

اقوام متحدہ کے ہیبی ٹیٹ ادارے نے منصوبے کا انتخاب عالمی سطح پر موصول ہونے والی مختلف نامزدگیوں کے جائزے کے بعد کیا۔ ادارے کے مطابق ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام نے کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے مناسب، محفوظ اور قابل رسائی رہائش کے مواقع بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

اس ایوارڈ کی تقریب آج 5 اکتوبر کو عمان کے دارالحکومت مسقط میں عالمی یومِ رہائش کے موقع پر منعقد کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو یہ اعزاز وصول کرنے کے لیے خصوصی طور پر تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

اقوام متحدہ کا سکرول آف آنر ایوارڈ رہائش اور شہری ترقی کے شعبے میں اہم عالمی اعزازات میں شمار ہوتا ہے۔ اس کے ذریعے مناسب اور سستی رہائش، پائیدار شہری ترقی اور بنیادی شہری سہولیات کے لیے نمایاں کام کرنے والے منصوبوں اور اداروں کو تسلیم کیا جاتا ہے۔

پنجاب حکومت نے اس عالمی اعزاز کو صوبے کے بے گھر اور کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے اعزاز قرار دیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے بھی ایوارڈ کو پنجاب کے ان لوگوں کے نام کیا ہے جو اپنے گھر کے منتظر ہیں۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔