عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی

Will petrol become cheaper or more expensive? Major news has arrived
اوپیک پلس کی جانب سے تیل کی پیداوار بڑھانے کے فیصلے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
توانائی کے شعبے سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی مارکیٹ میں یہی رجحان برقرار رہا تو پاکستان سمیت کئی تیل درآمد کرنے والے ممالک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان پیدا ہو سکتا ہے۔ اس پیش رفت پر سرمایہ کار بھی گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل 24 سینٹ یا 0.33 فیصد کمی کے بعد 71.88 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔ اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت بھی 11 سینٹ یا 0.16 فیصد کم ہو کر 68.58 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔ اماراتی مربن خام تیل بھی تقریباً 66 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ کرتا رہا۔
اوپیک پلس نے اگست سے یومیہ ایک لاکھ 88 ہزار بیرل اضافی تیل پیدا کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس سے پہلے بھی جون اور جولائی کے لیے اسی نوعیت کے پیداواری اضافے کا اعلان کیا جا چکا تھا۔ تنظیم کا مقصد عالمی منڈی میں طلب اور رسد کے درمیان توازن برقرار رکھنا اور مارکیٹ کو مستحکم رکھنا بتایا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگرچہ پیداوار بڑھانے کا فیصلہ سامنے آ چکا ہے، لیکن اس کے مکمل اثرات ابھی تک مارکیٹ میں ظاہر نہیں ہوئے۔ حالیہ ہفتوں میں مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال اور آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں کی آمدورفت متاثر ہونے کے باعث کئی بڑے برآمد کنندگان اپنی مکمل سپلائی بحال نہیں کر سکے تھے۔ اسی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی فراہمی توقع کے مطابق نہیں بڑھ سکی۔
رپورٹس کے مطابق سعودی عرب، کویت اور عراق سمیت خلیجی ممالک نے اب اپنی برآمدات میں بتدریج اضافہ شروع کر دیا ہے۔ جون کے دوران ان ممالک کی مجموعی تیل برآمدات مئی کے مقابلے میں نمایاں بڑھیں اور یومیہ ایک کروڑ بیرل سے تجاوز کر گئیں۔ تاہم یہ مقدار اب بھی کشیدگی سے پہلے کی سطح سے کم سمجھی جا رہی ہے۔
مارکیٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اوپیک پلس کا حالیہ فیصلہ سرمایہ کاروں کی توقعات کے مطابق ہے۔ تاہم کئی رکن ممالک ابھی بھی اپنے مقررہ پیداواری اہداف حاصل نہیں کر سکے، جس کے باعث قیمتوں پر اس فیصلے کے فوری اور بڑے اثرات سامنے آنے کا امکان محدود ہے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











