عوام کو ریلیف دینے کیلئے پیٹرول کی قیمت کم کی گئی، وفاقی وزیرخزانہ

Reduction in petrol price; key statement from the Federal Finance Minister released
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کی معاشی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور ملکی معیشت بتدریج استحکام کی طرف بڑھ رہی ہے۔
کراچی میں منعقدہ پاکستان بینکنگ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حالیہ مالی اقدامات، ٹیکس نظام میں اصلاحات اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے فیصلوں سے سرمایہ کاری، صنعتی سرگرمیوں اور معاشی ترقی کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا، جس سے مہنگائی کے دباؤ میں بھی کسی حد تک کمی آنے کی امید ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ نئے وفاقی بجٹ میں کاروباری برادری کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے متعدد اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ حکومت نے ایڈوانس ٹیکس، سبسڈی اور سپر ٹیکس میں کمی کی ہے تاکہ نجی شعبے کی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ 50 کروڑ روپے تک سالانہ کاروبار کرنے والے اداروں کے لیے سپر ٹیکس مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے، جس سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت زرعی شعبے کی ترقی پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ اسی مقصد کے تحت زرعی مشینری پر ٹیکس کی شرح صفر کر دی گئی ہے تاکہ کسان جدید مشینری آسانی سے خرید سکیں۔ اس کے ساتھ زرعی قرضوں کے حصول کے لیے شرائط بھی نرم کی گئی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ کسان مالی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں اور زرعی پیداوار میں اضافہ ممکن ہو۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ کم کرنے کے لیے بھی بجٹ میں اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ حکومت ٹیکس نظام کو زیادہ آسان، شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے اصلاحات پر عمل کر رہی ہے۔ انکم ٹیکس افسران کے بعض اختیارات محدود کیے گئے ہیں تاکہ کاروباری افراد کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا ہو۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن پر بھی بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹیکس وصولی، مالیاتی خدمات اور کاروباری نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ 25 کروڑ آبادی والے ملک میں ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے بیرون ملک پاکستانیوں کے اعتماد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں گزشتہ تین برس کے دوران تقریباً 30 کروڑ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو ملک کی معیشت پر اوورسیز پاکستانیوں کے اعتماد کی علامت ہے۔ حکومت سرمایہ کاری کے مزید مواقع پیدا کرنے کے لیے بھی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (SMEs) کی ترقی کے لیے ایک خصوصی ٹاسک فورس قائم کی جا رہی ہے۔ اس ٹاسک فورس میں حکومت، اسٹیٹ بینک، بینکاری شعبے اور دیگر متعلقہ ادارے مل کر ایس ایم ایز کو آسان قرضوں اور مالی سہولیات کی فراہمی پر کام کریں گے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












