عالمی منڈی میں تیل مزید سستا ہوا تو عوام کو ریلیف ملے گا، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک

Petrol Prices Update: Minister Speaks
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ اگر آنے والے دنوں میں عالمی منڈی میں خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی تو حکومت اس کا براہ راست فائدہ عوام تک پہنچائے گی۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں استحکام کے ساتھ ساتھ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین بین الاقوامی مارکیٹ کے رجحانات کو مدنظر رکھ کر کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کہا کہ اگرچہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتیں حالیہ کشیدگی سے پہلے والی سطح کے قریب آ چکی ہیں، لیکن پاکستان جس پیٹرول کی درآمد کرتا ہے اس کی قیمت اب بھی جنگ سے پہلے کے مقابلے میں تقریباً 15 ڈالر فی بیرل زیادہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عالمی سطح پر خام تیل سستا ہونے کے باوجود مقامی قیمتوں پر فوری طور پر مکمل اثر نہیں پڑتا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان اپنی مجموعی ضرورت کا تقریباً 70 سے 80 فیصد پیٹرول بیرون ملک سے درآمد کرتا ہے۔ اسی لیے عالمی مارکیٹ میں درآمدی پیٹرول کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ براہ راست ملکی مارکیٹ پر اثر انداز ہوتا ہے۔ حکومت قیمتوں کا جائزہ باقاعدگی سے لیتی ہے اور جب بھی مالی گنجائش پیدا ہوتی ہے تو اس کا فائدہ عوام کو منتقل کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی وزیراعظم کی ہدایت پر عوام کو نمایاں ریلیف دیا گیا اور مختلف ادوار میں پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 70 سے 80 روپے فی لیٹر تک کمی کی گئی۔ آئندہ بھی اگر عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں مزید کمی ہوتی ہے تو حکومت عوامی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے مناسب ریلیف فراہم کرے گی۔
وفاقی وزیر نے حالیہ علاقائی کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنگی حالات کے باوجود ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی متاثر نہیں ہوئی۔ محدود اسٹریٹجک ذخائر کے باوجود حکومت نے مؤثر منصوبہ بندی کے ذریعے تیل کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا، جس سے ملک میں کسی بڑے بحران سے بچاؤ ممکن ہوا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت مستقبل میں توانائی کے تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے اسٹریٹجک آئل ذخائر قائم کرنے پر بھی کام کر رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے عالمی معیار کی دو کنسلٹنٹ کمپنیوں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، جو اس منصوبے کی منصوبہ بندی اور عملدرآمد میں معاونت فراہم کر رہی ہیں۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ ملک میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت کرنے کے لیے سرمایہ کاری بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ توانائی کے شعبے میں ترقی کے لیے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال رکھنا ضروری ہے، جبکہ متعلقہ کمپنیوں کو بروقت ادائیگیاں بھی ناگزیر ہیں۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











