جمعرات، 9-جولائی،2026
جمعرات 1448/01/24هـ (09-07-2026م)

ٹویوٹا نے کرولا کراس ایچ ای وی کی قیمت میں بڑا اضافہ کردیا

09 جولائی, 2026 15:32

حکومت کی نئی آٹو پالیسی 2026-2031 نافذ ہونے کے بعد پاکستان میں ہائبرڈ گاڑیوں کی قیمتوں میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کی شرح بڑھائے جانے کے بعد انڈس موٹر کمپنی نے اپنی مقبول ہائبرڈ ایس یو وی ٹویوٹا کرولا کراس HEV کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے، جس سے گاڑی خریدنے کے خواہشمند صارفین کو لاکھوں روپے اضافی ادا کرنا ہوں گے۔

کمپنی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق حکومت نے نئی آٹو پالیسی کے تحت ہائبرڈ گاڑیوں پر جنرل سیلز ٹیکس کی شرح 12.5 فیصد سے بڑھا کر 25 فیصد کر دی ہے۔ اسی فیصلے کے باعث کمپنی نے اپنی ہائبرڈ گاڑیوں کی قیمتوں پر نظرثانی کرتے ہوئے نئی قیمتوں کا اعلان کیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق Toyota Corolla Cross HEV X کی قیمت میں 13 لاکھ 64 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد اس ماڈل کی نئی قیمت ایک کروڑ 2 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ پہلے یہی گاڑی 89 لاکھ 35 ہزار روپے میں فروخت ہو رہی تھی۔

اسی طرح Toyota Corolla Cross HEV کی قیمت میں بھی 13 لاکھ 14 ہزار روپے اضافہ کیا گیا ہے۔ اب اس ماڈل کی نئی قیمت 98 لاکھ 49 ہزار روپے ہو گئی ہے، جبکہ اس سے قبل اس کی قیمت 85 لاکھ 35 ہزار روپے تھی۔ اس بڑے اضافے نے ہائبرڈ گاڑیاں خریدنے والے صارفین کے بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے 1800 سی سی سے کم ہائبرڈ گاڑیوں پر جی ایس ٹی کی شرح 8.5 فیصد جبکہ 1800 سی سی سے زائد ہائبرڈ گاڑیوں پر 12.5 فیصد ٹیکس عائد تھا۔ تاہم نئی آٹو پالیسی 2026-2031 کے نفاذ کے بعد تمام ہائبرڈ گاڑیوں پر یکساں طور پر 25 فیصد جنرل سیلز ٹیکس لاگو کر دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں نمایاں اضافہ سامنے آیا ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔