پیر، 13-اکتوبر،2025
پیر 1447/04/21هـ (13-10-2025م)

حمیرا اصغر کی پراسرار موت؛ پولیس کو اداکارہ کے گھر سے مشکوک شواہد مل گئے

22 جولائی, 2025 11:33

ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی  فیز 6 میں مردہ حالت میں پائی جانے والی ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کے فلیٹ سے پولیس کو کچھ اہم شواہد ملے ہیں۔

 پولیس کے مطابق فلیٹ میں تین سے چار مقامات پر مٹی کے برتنوں میں مشکوک سفید پاؤڈر موجود تھا، جس کی نوعیت جاننے کے لیے اسے کیمیکل تجزیے کے لیے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر پاؤڈر کے اتنی جگہوں پر موجود ہونے کی کوئی واضح وجہ سامنے نہیں آ سکی۔

تحقیقات میں شامل ایک افسر کا کہنا ہے کہ ممکن ہے یہی سفید پاؤڈر بدبو کے پھیلاؤ کو روکنے کا سبب بنا ہو، کیونکہ حیران کن طور پر اتنے دن پرانی لاش کے باوجود آس پاس کے گھروں تک تعفن محسوس نہیں کیا گیا۔

پولیس حکام اداکارہ کی موت کی وجوہات کے تعین کے لیے فلیٹ سے ملنے والے ان کے کپڑوں کو بھی تجزیے کے لیے لیبارٹری بھیج رہے ہیں۔ تاحال حمیرا اصغر کی موت کی اصل وجہ سامنے نہیں آ سکی۔

پس منظر کے مطابق 42 سالہ اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی 2025 کو ان کے کرائے کے اپارٹمنٹ سے برآمد ہوئی۔ لاش انتہائی گل سڑ چکی تھی، جس سے اندازہ لگایا گیا کہ ان کی موت ممکنہ طور پر اکتوبر 2024 میں ہوئی۔ ان کا فلیٹ عدالت کے حکم پر کرایہ ادا نہ کرنے پر خالی کرایا جا رہا تھا کہ یہ افسوسناک دریافت ہوئی۔

پولیس نے ابتدائی طور پر قتل کا امکان رد کر دیا ہے کیونکہ اپارٹمنٹ اندر سے بند تھا اور زبردستی داخلے کے کوئی آثار موجود نہیں تھے۔ تاہم، حتمی نتیجے کے لیے پولیس کو فارنزک رپورٹس کا انتظار ہے تاکہ اداکارہ کی موت کی وجہ واضح ہو سکے۔

Catch all the انٹرٹینمنٹ News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔