زنانہ چال ڈھال پر برسوں ہراسانی کا سامنا کیا، کرن جوہر کا انکشاف

زنانہ چال ڈھال پر برسوں ہراسانی کا سامنا کیا، کرن جوہر کا انکشاف
بالی ووڈ کے معروف فلمساز اور ہدایتکار کرن جوہر نے کہا ہے کہ میں نے زنانہ چال ڈھال پر برسوں ہراسانی کا سامنا کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق معروف فلمساز اور ہدایتکار کرن جوہر نے حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ نوعمری میں اُنہیں اپنی زنانہ چال ڈھال اور مختلف اندازِ زندگی کی وجہ سے شدید تنقید اور معاشرتی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ اپنے ہم عمر بچوں کے ساتھ گھلنے ملنے اور ان کا حصہ بننے کی کوشش کرتے رہے، مگر وہ خود کو ان کی دنیا میں کبھی پوری طرح شامل نہ کر پائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اُن کی چال ڈھال، دوڑنے کا انداز، بول چال اور مشاغل سب کچھ دوسروں سے مختلف تھا، اور یہی فرق اکثر ان کے لیے طنز اور تمسخر کا باعث بنتا۔
کرن جوہر نے کہا کہ وہ فٹبال اور کرکٹ جیسے کھیلوں میں حصہ لینا چاہتے تھے، مگر کبھی کسی ٹیم میں شامل نہ ہو سکے کیونکہ لوگ سمجھتے تھے کہ وہ ’’لڑکوں جیسے نہیں ہیں‘‘ یا اُن میں مردانہ پن کی کمی ہے، یہ جملے اُنہیں اندر سے توڑ دیتے۔
معروف فلمساز نے کہا کہ اُن کی نوجوانی کی سب سے بڑی خواہش صرف اتنی تھی کہ وہ قبول کیے جائیں، انہیں بھی کسی گروپ یا ٹیم کا حصہ سمجھا جائے، مگر اس وقت کوئی ایسا نہ تھا جو انہیں بتاتا کہ اُنہیں دوسروں جیسا بننے کی ضرورت نہیں، بلکہ وہ اپنی انفرادیت کے ساتھ بھی قابلِ قبول اور قیمتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بارہ برس کی عمر میں وہ اسکول میں مسلسل چھیڑے جانے کے باعث اتنے پریشان تھے کہ اسکول ہی چھوڑ دینا چاہتے تھے، ان کی والدہ نے اُنہیں سنبھالا، سمجھایا، اور انہیں حوصلہ دیا کہ وہ حالات کا مقابلہ کریں، نتیجتاً انہوں نے اسکول نہیں بدلا، بلکہ ہمت کرکے دوبارہ اسی اسکول کا رُخ کیا۔
Catch all the انٹرٹینمنٹ News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.