ایران اور عراق جانے والے زائرین کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

Big Good News for Pilgrims Traveling to Iran and Iraq
ایران اور عراق جانے والے زائرین کے لیے ایک خوشخبری ہے کہ پاکستان سے بیرونِ ملک فیری سروس شروع کرنے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔ رواں ماہ اس سروس کے آغاز کی توقع کی جا رہی ہے، جو ملکی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور و پورٹس اینڈ شپنگ جنید انوار چوہدری کے مطابق فیری سروس کے ٹرمینل کی سافٹ لانچنگ 8 جنوری کو کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان میں کسی نجی کمپنی کو باقاعدہ طور پر بین الاقوامی فیری سروس چلانے کا لائسنس دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے لیے ایران، عراق اور یمن کے سفیروں سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔ سفیروں کو اپنے اپنے ممالک میں فیری سروس آپریٹرز کو پاکستان کی وزارت بحری امور سے تعاون کے لیے آگاہ کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ اس اقدام سے زائرین کو سفر کی ایک نئی، نسبتاً سستی اور آسان سہولت میسر آ سکے گی۔
جنید انوار چوہدری نے کہا کہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن میں کارکردگی کی بنیاد پر فیصلے کیے جائیں گے۔ جو افسران اور انتظامیہ بہتر کارکردگی دکھائیں گے، انہیں آگے بڑھنے کے مواقع دیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیری سروس کے آغاز سے نہ صرف زائرین کو فائدہ ہوگا بلکہ بحری شعبے میں بھی نئی سرگرمیاں پیدا ہوں گی۔
حکام کے مطابق فیری سروس سے ایران اور عراق جانے والے زائرین کو فضائی اور زمینی سفر کے متبادل کے طور پر ایک محفوظ اور منظم راستہ فراہم کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ سروس کے باقاعدہ آغاز کے بعد مسافروں کی بڑی تعداد اس سہولت سے فائدہ اٹھائے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









