منگل، 16-جون،2026
منگل 1448/01/01هـ (16-06-2026م)

افغانستان دہشت گردی کا منبع اور بھارت آزاد کشمیر میں ملوث ہے، خواجہ آصف

16 جون, 2026 15:24

خواجہ آصف نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ناممکن کو ممکن بنا دیا ہے، بلوچستان کی شاہراہیں محفوظ نہیں تو اس کی ذمہ داری اسی ایوان پر ہے کہ وہاں امن قائم کرے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایوان کا تقدس کسی صورت پامال نہیں ہونا چاہیے اور ہمیں ایک دوسرے پر طعنے مارتے وقت اپنا ماضی نہیں بھولنا چاہیے بلکہ الزامات کا یہ سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔

انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم اسد قیصر کے گھر میں مذاکرات کرتے تھے، جس میں پیپلز پارٹی اور جنرل فیض حمید کے لوگ بھی شامل ہوتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے تاریخی معاہدے پر پوری قوم کو وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وزیر خارجہ سمیت پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرنا چاہیے کیونکہ پاکستان نے ناممکن کو ممکن بنا دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران امریکہ تاریخی معاہدے کی تقریب، وزیراعظم جمعرات کو جنیوا روانہ ہوں گے

ان کا کہنا تھا کہ کل مودی نے ٹرمپ کو مبارکباد دی مگر پاکستان کا نام نہیں لیا، جس کی چھپر چھایا کے نیچے یہ سب کچھ ہوا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ایران کے ساتھ ہمارے تاریخی تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں اور اب ایران سے پابندیاں ہٹیں گی، جس کا سب سے بڑا فائدہ بلوچستان کو ہوگا۔

بلوچستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہاں شاہراہیں محفوظ نہیں تو اس کی ذمہ داری اسی ایوان پر ہے کہ وہاں امن قائم کرے اور ایسا حل پیش کیا جائے، جس پر پشتون اور بلوچ دونوں متفق ہوں۔

افغانستان کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کا منبع افغانستان ہے، میں خود 2 مرتبہ اس وقت کے ڈی جی آئی ایس آئی اور سینئر ارکان کے ساتھ وہاں گیا، وہ سب کچھ مانتے تھے مگر تحریری طور پر ضمانت نہیں دیتے تھے، حالانکہ ہم 10 ارب دینے کے لیے بھی تیار تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جنہیں 45 سال مہمان بنایا، آج ان کے ہاتھوں ہمارے 4 ہزار فوجی اور سویلین شہید ہو چکے ہیں، یہ مساجد اور امام بارگاہوں میں گلے کاٹتے ہیں۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ 80 کی دہائی میں ہم امریکہ کی پراکسی بن گئے، وہ ملبہ اور اسلحہ یہاں چھوڑ کر چلے گئے اور اس کے منفی اثرات ہم آج تک بھگت رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : نواز شریف نے آزاد کشمیر کی صورتحال پر ن لیگ کا اجلاس طلب کر لیا

آزاد کشمیر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہاں جو کھیل کھیلا جا رہا ہے، اس کے پیچھے برطانیہ میں بیٹھے کچھ لوگ اور بھارت ملوث ہے، مہاجرین کی نشستیں ختم کرنے کا اختیار کسی ہجوم یا دھرنے کو نہیں بلکہ وہاں کی اسمبلی کو ہے۔

انہوں نے معیشت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جب حکومت سنبھالی تو ملک ڈیفالٹ کے قریب تھا لیکن آج معیشت آئی سی یو سے نکل چکی ہے، پیٹرولیم قیمتوں میں مزید کمی ہوگی اور ملک میں لگے 20 سے 25 ٹیکسوں کا خاتمہ کیا جائے گا تاکہ لوگ چوری کے بجائے خوشی سے ٹیکس دیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔