جمعہ، 10-اکتوبر،2025
جمعہ 1447/04/18هـ (10-10-2025م)

موبائل فون صارفین کیلئے اہم خبر؛ پی ٹی اے نے خبردار کردیا

07 اکتوبر, 2025 15:15

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے خبردار کیا ہے کہ جعلی نوکریوں کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں کو فریب دے کر ان کی حساس ذاتی اور ادارہ جاتی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں، جس سے قومی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

 یہ فراڈ جعلی اداروں کی جانب سے کیا جا رہا ہے، جو سوشل میڈیا، لنکڈ اِن اور دیگر آن لائن پلیٹ فارمز پر نوکریوں کے اشتہارات لگا کر نوجوانوں کو واٹس ایپ یا ٹیلیگرام کے ریکروٹمنٹ ہبز میں شامل کرتے ہیں۔

پی ٹی اے ذرائع کے مطابق متاثرین کو اپنی تصاویر، شناختی کارڈز، مقام کی تفصیلات اور یہاں تک کہ اپنے کام کی جگہ کے آپریشنل معلومات بھی فراہم کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ کچھ افراد سے مبینہ طور پر 10 سے 15 لاکھ روپے تک رشوت بھی طلب کی جاتی ہے تاکہ ان کی معلومات افشا نہ کی جائیں۔

جعلی بھرتی کار بعض اوقات ایچ آر کا جعلی روپ دھار کر انٹرویو، آن بورڈنگ یا ریموٹ ورک اسیسمنٹ کے بہانے متاثرین کو دھوکہ دیتے ہیں، جبکہ کچھ جعلی ایپس کے ذریعے ڈیٹا چوری کی جاتی ہے۔

نیشنل سی ای آر ٹی نے ایسے فراڈ نیٹ ورکس کے خلاف خاص وارننگ جاری کی، نوجوانوں اور فری لانس پیشہ ور افراد کو خبردار کیا کہ وہ ان غیر معروف ریکروٹمنٹ ہبز میں شامل نہ ہوں جہاں بعد میں ان سے بھتہ مانگا جاتا ہے۔

 اس کے علاوہ مئی 2025 میں پاکستان کے سفارت خانے نے متحدہ عرب امارات میں اپنے شہریوں کو بھی جعلی نوکریوں سے خبردار کیا۔ اپریل 2025 میں پی ٹی اے نے 604 جعلی ویب سائٹس کو بند بھی کیا تھا، جو اس خطرے کی شدت کو ظاہر کرتا ہے۔

پی ٹی اے اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ مشکوک اشتہارات یا بھرتی کاروں کی اطلاع فوری طور پر دیں۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی غیر یقینی یا زیادہ معاوضے والی نوکری کی پیشکش پر محتاط رہیں، اپنی ذاتی معلومات فراہم کرنے سے گریز کریں، اور صرف مستند اداروں کے ذریعے بھرتی کے عمل میں حصہ لیں۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔