بدھ، 22-اکتوبر،2025
بدھ 1447/04/30هـ (22-10-2025م)

میٹا اور پی ٹی اے نے سوشل میڈیا صارفین کیلئے اہم مہم کا آغاز کردیا

17 اکتوبر, 2025 16:14

میٹا (سابقہ فیس بک) کمپنی نے پاکستان میں آن لائن دھوکہ دہی سے بچاؤ کے لیے ایک نئی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

 اس مہم کا نام ہے "کیا یہ اصلی ہے؟”۔ یہ مہم میٹا نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور تعلیمی پلیٹ فارم EYEYAH! کے اشتراک سے شروع کی ہے۔ اس کا مقصد لوگوں کو آن لائن فراڈ کے مختلف طریقوں سے آگاہ کرنا اور انہیں خود کو محفوظ رکھنے کے طریقے سکھانا ہے۔

یہ مہم نہ صرف پاکستان بلکہ ایشیا پیسفک کے 15 سے زائد ممالک میں چلائی جا رہی ہے تاکہ صارفین کو محفوظ ڈیجیٹل تجربہ فراہم کیا جا سکے۔ اس مہم میں عام آن لائن دھوکہ دہی کے سات طریقوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں رومانوی فراڈ، آن لائن خریداری کے جھانسے، جعلی نوکری کی پیشکش، جعلی سرمایہ کاری، اکاؤنٹ ہیکنگ، نقالی اور فراڈ پر مبنی پیغامات شامل ہیں۔

مہم کو دلچسپ اور انٹرایکٹو انداز میں تیار کیا گیا ہے تاکہ لوگ آسانی سے ان خطرات کو سمجھ سکیں۔ اسے خاص طور پر کھیل کے انداز (گیمیفائیڈ) میں بنایا گیا ہے تاکہ ہر عمر کے افراد آسانی سے سیکھ سکیں کہ کون سی چیز دھوکہ دہی ہو سکتی ہے۔

پی ٹی اے کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان HI (M), SI نے اس مہم کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی ٹی اے کا مقصد ایک محفوظ اور باشعور ڈیجیٹل معاشرہ قائم کرنا ہے۔ انہوں نے اسے پی ٹی اے اور میٹا کے درمیان جاری تعاون کا تسلسل قرار دیا جو صارفین کو آن لائن خطرات سے بچانے اور ڈیجیٹل تعلیم کو فروغ دینے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

میٹا کی پاکستان کے لیے پبلک پالیسی کی سربراہ دانیا مختار نے کہا کہ میٹا اپنے پلیٹ فارمز پر دھوکہ دہی کو سنجیدگی سے لیتا ہے اور اس کے خلاف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھوکے باز افراد اپنے طریقے بدلتے رہتے ہیں اور مختلف ایپس اور پلیٹ فارمز کو نشانہ بناتے ہیں، اس لیے صارفین کو آگاہ کرنا بہت ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ مہم صارفین کو یہ سکھانے میں مدد دے گی کہ وہ آن لائن فراڈ کو کس طرح پہچانیں اور خود کو کیسے محفوظ رکھیں۔ انہوں نے پی ٹی اے کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس مہم کو وسعت دینے اور عوام میں آگاہی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔