یو اے ای نے تین بچوں کی ماں کو عالمی مقابلہ حسن کا امیدوار بنادیا

یو اے ای نے تین بچوں کی ماں کو عالمی مقابلہ حسن کا امیدوار بنادیا
متحدہ عرب امارات نے پہلی بار عالمی مقابلہ حسن کے لیے اپنی امیدوار کا اعلان کیا ہے۔
ماڈل اور تین بچوں کی ماں ایمیلیا ڈوبریوا جنہیں اکتوبر میں ایک نجی بند کمرے کے آڈیشن میں مس یونیورس متحدہ عرب امارات کا تاج پہنایا گیا تھا، اب وہ عالمی ایونٹ میں اپنے ملک کی نمائندگی کریں گی۔
مس یونیورس آرگنائزیشن کی جانب سے رواں سال ستمبر میں متحدہ عرب امارات کے لیے قومی ڈائریکٹر مقرر کیے جانے والے پوپی کیپیلا نے کہا کہ ایمیلیا ڈوبریوا مس یونیورس یو اے ای کے لیے بہترین انتخاب تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ماڈل ایمیلیا ڈوبریوا متحدہ عرب امارات میں ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے مقیم ہیں، انہوں نے ایک اماراتی شخص سے شادی کی، وہ تین بچوں کی ماں ہونے کے ساتھ ایک خوبصورت اور ہوشیار خاتون ہیں۔
مس یونیورس کا گرینڈ فائنل 16 نومبر کو میکسیکو سٹی میں منعقد ہوگا جس میں ایمیلیا دنیا بھر کی 130 ممالک سے تعلق رکھنے والی حریفوں کے ساتھ اسٹیج پر موجود ہوں گی۔
پوپی کیپیلا کے مطابق قومی ملبوسات کے راؤنڈ میں ایمیلیا عبایا پہنیں گی جو متحدہ عرب امارات کو شاندار خراج عقیدت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے عبایا کے نچلے حصے میں ملک سے لی گئی حقیقی ریت ہوگی اور ان کے عبایا کا اوپری حصہ اس جدیدیت کی عکاسی کرے گا جو اس ملک نے حاصل کی، اس عبایا سے ظاہر ہوگا کہ یو اے ای ریت سے ایک جدید ملک کیسے بنا۔
تاریخی طور پر 18 سے 28 سال کی عمر کے درمیان صرف غیر شادی شدہ ماڈلز کو مس یونیورس مقابلہ حسن میں حصہ لینے کی اجازت تھی۔
تاہم 2023 میں عمر، قد، وزن اور ازدواجی حیثیت سے متعلق تمام پابندیوں کو ہٹا دیا گیا تھا تاکہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے ایک پلیٹ فارم کی طرف بڑھنے کی کوشش کی جاسکے۔
Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












