شہری کو پُل سے نیچے پھینکنے پر فوجی افسر کی شامت آگئی

شہری کو پُل سے نیچے پھینکنے پر فوجی افسر کی شامت آگئی
برازیل کے شہر ساؤ پالو میں ایک شہری کو پل سے نیچے پھینکنے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ایک فوجی پولیس افسر کو گرفتار کر لیا گیا۔
سوشل میڈیا اور برازیل کے پریس پر بڑے پیمانے پر شیئر کی جانے والی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک افسر شہری کو قمیض سے پکڑ کر پل کے کنارے لے جا رہا ہے۔
غیر مسلح شہری اس افسر کے سامنے کوئی مزاحمت کا مظاہرہ بھی نہیں کر رہا مگر افسر نے چند لمحوں بعد اسے پُل سے نیچے دھکیل دیا تاہم جی ٹی وی نیوز آزادانہ طور پر ویڈیو کی تصدیق نہیں کر سکا ہے۔
برازیل کی صوبائی وزارت نے گزشتہ دنوں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ واقعہ خوفناک اور قطعی طور پر ناقابل قبول ہے۔
امریکی میڈیا نے برازیلی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وائرل ویڈیو میں یہ واضح ہے کہ متاثرہ شہری دراصل مشتبہ تھا جسے پہلے ہی سکیورٹی ایجنسی کی تحویل میں رکھا گیا، ایجنٹوں کا کام اسے پولیس اسٹیشن لے جانا تھا۔
سرکاری میڈیا ایگنسیا برازیل نے خبر دی ہے کہ لوان فیلیپ الویس نامی افسر کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے جنہیں بعد ازاں حراست میں لیا گیا تھا جب کہ متاثرہ کو جانی نقصان نہیں ہوا۔
ساؤ پالو کی فوجی عدالت نے واقعے کی جاری تحقیقات کے لیے ملزم افسر کو احتیاطی طور پر حراست میں رکھنے کا حکم دیا تھا۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ ملٹری پولیس نے الویس سمیت متعدد افسران کو عہدوں سے فارغ کردیا جب کہ دیگر افسران سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اس واقعے پر عوام نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور دو روز قبل ساؤ پالو میں پولیس تشدد کے خلاف مظاہرہ بھی ہوا۔
Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












