40 سے زائد اسکولوں کو بم سے اُڑانے کی دھمکیاں

40 سے زائد اسکولوں کو بم سے اُڑانے کی دھمکیاں
دہلی میں کم از کم 40 اسکولوں کو ای میل کے ذریعے بم سے اڑانے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں جس میں فی اسکول سے 30 ہزار ڈالر کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اس سال اسکولوں، ریلوے اسٹیشنوں اور ہوائی اڈوں کو سینکڑوں بم دھماکوں کی دھمکیاں دی گئی ہیں، جو بعد میں جھوٹی ثابت ہوئی ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے آغاز سے نومبر کے وسط تک بھارت میں ایئر لائنز اور ہوائی اڈوں کو بم دھماکے کی 999 دھمکیاں موصول ہوئیں اور اسی عرصے کے دوران 12 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق اتوار کی رات دو اسکولوں کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی جس میں کہا گیا تھا کہ عمارتوں کے اندر متعدد بم نصب کیے گئے ہیں اور اگر بھیجنے والے کو 30 ہزار ڈالر ادا نہیں کیے تو اسکولوں کو دھماکے سے اڑا دیا جائے گا۔
کئی دوسرے اسکولوں کو پیر کی صبح یہ ای میل موصول ہوئیں، جس کے بعد اسکول انتظامیہ نے والدین سے کہا کہ وہ طالب علموں کو اسکول نہ بھیجیں۔
دہلی پولیس حکام نے اس معاملے کے حوالے سے فوری طور پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
واضح رہے کہ مئی میں دہلی اور نوئیڈا کے مضافاتی علاقوں میں 50 سے زیادہ اسکولوں کو بم سے متعلق دھمکی آمیز ای میلز موصول ہوئی تھیں۔
Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












