جمعرات، 26-مارچ،2026
بدھ 1447/10/06هـ (25-03-2026م)

اسرائیل کا شام پر تاریخ کا سب سے بڑا فضائی حملہ، تمام فوجی تنصیبات تباہ

10 دسمبر, 2024 12:11

اسرائیل نے شام کی صورتحال کا فائدہ اٹھا کر شامی دارالحکومت دمشق پر تاریخ کا سب سے بڑا فضائی حملہ کردیا۔

شامی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے دارالحکومت دمشق سمیت ملک بھر میں درجنوں حملے کیے ہیں۔

اسرائیلی افواج نے شام بھر میں بڑے پیمانے پر حملے کیے ہیں جن میں دارالحکومت دمشق سمیت تین بڑے ہوائی اڈوں اور دیگر اسٹریٹجک فوجی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

برطانیہ میں قائم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس (ایس او ایچ آر) کا کہنا ہے کہ فوجی اہداف پر 100 سے زائد حملے کیے گئے، جن مقامات کو نشانہ بنایا گیا ان میں کیمیائی ہتھیاروں کی تیاری سے تعلق کا شبہ رکھنے والا ایک تحقیقی مرکز بھی شامل ہے۔

لبنانی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے فوجی ٹینک دمشق کے قریب پہنچ چکے ہیں، شامی فوجی ہیڈکوارٹرز اور کئی ائیربیسز پر اسرائیل کی جانب سے بمباری کی گئی جس میں درجنوں لڑاکا طیارے اور ہیلی کاپٹر تباہ ہوئے۔

اسرائیل نے دمشق میں میزائل دفاعی نظام، زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل اور میزائلوں کی تیاری کے مقامات کو بھی نشانہ بنایا ہے۔

قطر، عراق، ایران اور سعودی عرب نے شام کی گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیل کے غیر قانونی قبضے کی مذمت کی ہے جبکہ اقوام متحدہ کے امن دستوں نے اسرائیل پر 1974 کے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ بشارالاسد حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد ہتھیاروں کو شدت پسندوں کے ہاتھوں جانے سے روکنے کے لیے کارروائی کر رہا ہے۔

اسرائیلی فوج نے اپنے فوجیوں کی تصاویر بھی جاری کیں جو اسرائیل کے زیر قبضہ گولان کی پہاڑیوں سے شام کے غیر فوجی بفر زون میں داخل ہوئے جہاں اقوام متحدہ کے امن دستے تعینات ہیں۔

Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔