کویتی کمپنی نے اہم اثاثے فروخت کرکے پاکستان چھوڑنے کا عمل شروع کردیا

کویتی کمپنی نے اہم اثاثے فروخت کرکے پاکستان چھوڑنے کا عمل شروع کردیا
کویت فارن پیٹرولیم ایکسپلوریشن کمپنی (کے یو ایف پی ای سی) نے اپنے بڑے اثاثے پاکستان ایکسپلوریشن (پرائیویٹ) لمیٹڈ (پی ای ایل) کو تقریبا 60 ملین ڈالر میں فروخت کرکے پاکستان کے تیل اور گیس کے شعبے کو چھوڑنے کا عمل شروع کردیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ غیر ملکی ای اینڈ پی کمپنیاں تیزی سے مایوس ہو رہی ہیں جس کی بنیادی وجہ گیس کے شعبے میں بڑے پیمانے پر گردشی قرضہ ہے جو 2700 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔
اس میں سے 1500 ارب روپے بشمول 600 ملین ڈالر مقامی اور غیر ملکی ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن (ای اینڈ پی) کمپنیوں کے واجب الادا ہیں جو گیس کمپنیوں کی جانب سے ڈیفالٹ کی وجہ سے ادا نہیں کیے گئے۔
2012 کی ای اینڈ پی پالیسی میں ترامیم کی منظوری میں 12 ماہ کی تاخیر نے بھی کویتی کمپنی کے فیصلے میں کردار ادا کیا۔
عہدیدار کے مطابق کے کویتی کمپنی نے پاکستان بھر کے مختلف بلاکس میں اپنی مراعات اور اثاثے فروخت کرکے اپنی سرمایہ کاری کی وصولی کا فیصلہ کیا ہے تاکہ دوسرے ممالک میں دوبارہ سرمایہ کاری کی جاسکے۔
اپریل 1981 میں کے یو ایف پی ای سی کویت پٹرولیم کارپوریشن (کے پی سی) کے ایک ڈویژن کے طور پر قائم کیا گیا تھا۔ کمپنی کی بنیادی توجہ کویت سے باہر قدرتی گیس اور خام تیل کی تلاش، ترقی اور نکالنے پر ہے۔
واضح رہے کہ کویتی آئل کارپوریشن نے 23 نومبر 2023 کو ایک پریس ریلیز میں اعلان کیا تھا کہ اس نے پرائم پاکستان لمیٹڈ، ماڑی پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ (ایم پی سی ایل) اور آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) سمیت متعدد پاکستانی کارپوریشنز کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے ہیں۔
کمپنی سی ای او محمد الہیمر نے اس وقت کہا تھا کہ ایم او یوز پاکستان میں اپنے ایکسپلوریشن پورٹ فولیو کو وسعت دینے کے لئے اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے تک محدود نہیں بلکہ کارپوریشن کے اثاثوں کو بڑھانے، آزادانہ پیئر ریویوز، علم کے تبادلے اور اپنے عالمی شراکت داروں کی مہارت کو بروئے کار لانے کے لئے اہم مواقع بھی فراہم کرتے ہیں۔
تاہم، صرف ایک سال بعد، کے یو ایف پی ای سی کے اپنے اثاثے اور مراعات فروخت کرنے کے فیصلے نے پاکستان میں پالیسی سازوں کے لئے سنگین تشویش پیدا کردی ہے۔
Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












