جنوبی افریقا نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کردیا

جنوبی افریقا نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کردیا
جنوبی افریقا نے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں 10 وکٹوں سے شکست دے کر پاکستان کو سیریز میں کلین سوئپ کردیا۔
کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں فالو آن کا شکار گرین شرٹس نے پروٹیز کو محض 58 رنز کا ہدف دیا جسے میزبان نے چوتھے ہی روز کھیل کے اختتام سے قبل باآسانی سے حاصل کرلیا۔
قومی ٹیم میچ کی پہلی اننگ میں جنوبی افریقا کو ٹف ٹائم دینے میں بُری طرح ناکام نظر آئی جہاں ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنلسٹ پروٹیز کریس پر جم کر کھیلے اور یوں زبردست بلے بازی کا مظاہرہ کرکے پاکستان کو 615 رنز کی پہاڑ جیسی ٹریل دی۔
پہلی اننگ میں جنوبی افریقا کی جانب سے رائن رکلٹن نے 259 کی زبردست باری کھیلی جب کہ کپتان ٹیمبا باووما 106 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
بولنگ میں پاکستان کے محمد عباس اور سلمان علی آغا نے تین، تین جب کہ میر حمزہ اور خرم شہزاد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
615 رنز کی برتری کے جواب میں خوفزدہ پاکستان ٹیم کی بیٹنگ فلاپ ہوگئی اور گرین شرٹس 194 رنز پر ڈھیر ہو کر فالو آن کا شکار ہوئی۔
اسی روز پاکستان نے میچ میں واپس آنے کی کوشش کی، کپتان شان مسعود اور بابر اعظم کی شراکت نے ٹیم کو جیت کی امید دلائی تاہم پہلی وکٹ گرتے ہی پاکستان کی بلے بازی پھر لڑکھڑا گئی۔
کپتان شان مسعود کے 145 اور بابر اعظم کے 81 رنز بھی کسی کام نہ آئے اور قومی بیٹرز یکے بعد دیگرے اپنی وکٹیں حریف ٹیم کو تحفے میں دیتے گئے۔
قومی ٹیم نے ٹیسٹ کے چوتھے روز میچ کی دوسری اننگز میں 478 رنز پر آؤٹ ہو کر جنوبی افریقا کو جیت کے لیے صرف 58 رنز کا ہدف دیا جسے میزبان ٹیم کے اوپنرز نے 7 اشاریہ ایک اوورز میں پورا کرکے پاکستان کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کردیا۔
واضح رہے کہ سینچورین میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دی تھی۔
Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












