جمعرات، 15-جنوری،2026
بدھ 1447/07/25هـ (14-01-2026م)

پاسپورٹ کے حوالے سے حکومت کا اہم اعلان

10 جنوری, 2026 11:01

وفاقی حکومت نے پاسپورٹ میں جعلسازی روکنے کے لیے ایک اہم اور عملی قدم اٹھانے کا اعلان کر دیا ہے۔

 اس مقصد کے لیے پاسپورٹس میں جدید سیکیورٹی فیچرز شامل کیے جائیں گے تاکہ جعلی دستاویزات کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاسپورٹ اور امیگریشن نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔

وزیر داخلہ نے یہ بات بیجنگ پبلک سیکیورٹی پاسپورٹ بیورو کے دورے کے دوران بتائی۔ دورے کے موقع پر بیورو کے ڈائریکٹر جنرل سن یو نے ان کا استقبال کیا۔ محسن نقوی نے بیورو کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور چین میں پاسپورٹ کے اجراء کے مکمل طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ لی۔ انہیں درخواست جمع کروانے سے لے کر پاسپورٹ کی طباعت اور ترسیل تک کے تمام مراحل سے آگاہ کیا گیا۔

محسن نقوی نے چینی امیگریشن نظام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ نظام تیز، محفوظ اور مؤثر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان بھی بیجنگ ماڈل کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے امیگریشن نظام کو جدید بنا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے سیکیورٹی فیچرز کے ذریعے نہ صرف جعلسازی روکی جا سکے گی بلکہ عوام کا اعتماد بھی مزید بڑھے گا۔

دوسری جانب سال 2025 کے اختتام پر ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس اینڈ امیگریشن کی سالانہ کارکردگی رپورٹ بھی جاری کر دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ کی ہدایات پر سال 2025 کو اصلاحات اور بہتری کا سال قرار دیا گیا۔ جدید پرنٹرز کی تنصیب کے باعث پاسپورٹس کے طویل عرصے سے چلے آ رہے بیک لاگ کا مستقل حل ممکن ہو سکا۔

محکمہ پاسپورٹس کے مطابق 2025 کے دوران مجموعی طور پر 55 لاکھ سے زائد پاسپورٹس جاری کیے گئے، جو ملکی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔ ان میں نارمل، ارجنٹ اور فاسٹ ٹریک کیٹیگری کے پاسپورٹس شامل ہیں۔ 24 گھنٹے پاسپورٹ دفاتر کھلے رکھنے کی سہولت نے بھی عوام کے لیے عمل کو آسان بنا دیا ہے۔

Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔