جمعرات، 15-جنوری،2026
بدھ 1447/07/25هـ (14-01-2026م)

ایران کے اندرونی معاملات میں بیرونی مداخلت کی سخت مخالفت کرتے ہیں، چین کا واضح مؤقف

07 جنوری, 2026 09:35

چین نے ایران کے اندرونی معاملات میں کسی بھی قسم کی بیرونی مداخلت کی سخت مخالفت کرتے ہوئے ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ اپنی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ بیجنگ کا کہنا ہے کہ ایران کو درپیش مسائل کا حل صرف داخلی مکالمے اور قومی استحکام کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے بیجنگ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کو امید ہے کہ ایرانی حکومت اور عوام موجودہ مشکلات پر قابو پانے میں کامیاب ہوں گے اور ملک میں استحکام اور امن برقرار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے۔

چینی ترجمان نے واضح کیا کہ بیجنگ ایران کے اندرونی معاملات میں کسی بھی قسم کی بیرونی مداخلت کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔ ان کے مطابق ایسے اقدامات نہ صرف علاقائی عدم استحکام کا باعث بنتے ہیں بلکہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کے بھی منافی ہیں۔

لین جیان نے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا کہ وہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے اور امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ طاقت، دباؤ یا دھمکیوں کے بجائے مکالمہ اور سفارت کاری ہی مسائل کا پائیدار حل ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس موقع پر کہا کہ چین اقوام متحدہ کے منشور، بین الاقوامی انصاف اور منصفانہ عالمی نظام کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ ان کے مطابق عالمی امور میں یکطرفہ اقدامات سے گریز اور باہمی احترام پر مبنی نظام وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین شراکت داری پر مبنی خارجہ پالیسی پر یقین رکھتا ہے اور فوجی یا سیاسی اتحاد بنانے کا حامی نہیں۔ اس ضمن میں انہوں نے ایران اور چین کے درمیان 2021 میں طے پانے والے 25 سالہ جامع اسٹریٹجک شراکت داری معاہدے کا حوالہ دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات تعاون اور باہمی مفاد کی بنیاد پر قائم ہیں، نہ کہ کسی اتحاد یا بلاک کی سیاست پر۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔