کراچی میں ڈاکو راج : 9 ماہ میں ڈاکوؤں نے 100 سے زائد شہری مارڈالے

شہر قائد میں ڈکیتوں کا راج اور بلا خوف و خطر کارروائیاں جاری ہیں اور انہوں نے رواں سال کے 9 ماہ میں اب تک 111 شہریوں کو مزاحمت پر قتل کردیا جبکہ ڈکیتوں کی آزادانہ اور بلا خوف کارروائیاں جاری ہیں۔
ذرائع سی پی ایل سی کے مطابق رواں سال شہر قائد میں اب تک اسٹریٹ کرائمز کی 60 ہزار سے زائد وارداتیں رپورٹ ہوچکی ہیں۔
ڈکیتوں نے رواں سال جنوری میں 13 ، فروری 12 ، مارچ 10 ، اپریل 12 ، مئی 15 ، جون 9 ، جولائی 12 ، اگست 8 جبکہ رواں ماہ ستمبر کے 20 روز میں 9 شہریوں کو مزاحمت پر فائرنگ کر کے قتل کیا۔
اب تک کے ہونے والے واقعات میں تین خواتین اور پولیس اہلکاروں کو بھی مزاحمت پر قتل کیا گیا جبکہ کورنگی میں ہی باپ اور بیٹے کو دکان کے اندر گولی مار کر ابدی نیند سلایا گیا،جبکہ مزاحمت پر زخمی ہونے والے شہریوں کی تعداد کئی زیادہ ہے۔
آئی جی سندھ، پولیس کے اعلیٰ افسران اور سندھ حکومت شہر سے اسٹریٹ کرائم ختم کرنے کے دعوے تو کرتی ہے تاہم یومیہ بنیادوں پر چار سے 6 وارداتیں رپورٹ ہورہی ہیں جبکہ متعدد شہری تو سسٹم سے مایوس ہو کر اپنے ساتھ پیش آئے واقعات کی رپورٹ نہیں کرواتے۔
آئی جی سندھ کی تبدیلی کے بعد ڈاکٹر رفعت نے عہدہ سنبھالنے اور نگراں وزیر داخلہ نے قلمدان اٹھانے کے بعد شہر سے اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کا دعویٰ کیا تھا تاہم حالات میں کوئی بہتری نظر نہیں آرہی اور شہری یومیہ بنیادوں پر جان و مال سے محروم ہورہے ہیں۔
پولیس کے اعلیٰ حکام اجلاسوں میں ماتحت افسران کی پیش کی گئی کارکردگی رپورٹس پر مطمئین ہوجاتے ہیں لیکن اس کے برعکس زمینی حقائق کچھ اور ہی ہوتے ہیں۔
نگراں حکومت سندھ کی جانب سے پولیس افسران کی تعینات کا عمل مکمل ہونے کے بعد جلد اسٹریٹ کرائمز کی واراتوں پر قابو پانے سے متعلق فیصلے پر عملدرآمد ہوتا دکھائی نہیں دے رہا ہے۔
جس طرح سے شہر میں ڈاکو راج قائم سے اس سے یہی اندازہ ہوتا ہے کہ شہریوں کوظالم ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا اور وہ جب اور جہاں چاہیں نہ صرف لوٹ مار کرتے ہیں بلکہ معمولی سے مزاحمت پر شہریوں کی جان لینے اور انھیں زخمی کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔
ڈاکوؤں کو وارداتیں کرنے کے دوران سڑکوں ، محلوں اور گلیوں میں لگے ہوئے کلوز سرکٹ کیمروں سے بھی شناخت ہونے کا کوئی ڈر و خوف نہیں جس سے ان کے حوصلوں کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے ۔
جبکہ روزانہ کی بنیاد پر پولیس کی جانب سے بھی اسٹریٹ کرمنلز سمیت دیگر جرائم پیشہ عناصر کو مقابلے کے دوران زخمی سمیت درجنوں ملزمان کو گرفتار و ہلاک کرنے کے دعوے بھی سامنے آتے ہیں۔
یہ پڑھیں : بد امن کراچی : 7ماہ میں ڈکیتی مزاحمت پر 80سے زائد شہری قتل
Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












